اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر پوری قوم اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مذہبی تہوار حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیل ؑکی عظیم قربانی اور اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے کامل تسلیم و رضا کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار و قربانی، صبر و استقامت اور انسانیت کی خدمت کا عظیم درس دیتی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا حقیقی پیغام اپنی خواہشات، انا اور ذاتی مفادات کو اجتماعی بھلائی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے قربان کرنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس موقع ہمیں باہمی محبت، رواداری، بھائی چارے اور معاشرے کے کمزور و مستحق طبقات کی مدد اور دلجوئی کا احساس دلاتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ خوشیوں کے اس موقع پر ہمیں غریب، نادار اور ضرورت مند افراد کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنا اور دل کھول کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اتحاد، قومی یکجہتی اور باہمی احترام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے اس بابرکت موقع پر ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جو ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور جنہیں عید کی نماز کی ادائیگی اور قربانی جیسے مذہبی فرائض کی انجام دہی تک کی آزادی حاصل نہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں معصوم شہریوں کے خلاف جاری جارحیت کے فوری خاتمے اور عالمی برادری کی مؤثر توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور پاکستانی قوم کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اتحاد، قربانی، بھائی چارے اور ایثار کا عظیم درس دیتی ہے۔ انہوں نے اس پُرمسرت موقع پر محبت، برداشت اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، پُرامن اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے ان اقدار کا فروغ ناگزیر ہے۔