سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی استنبول میں خلیجی ممالک کے پارلیمانی سربراہان اور ایرانی وفد سے اہم ملاقاتیں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی استنبول میں خلیجی ممالک کے پارلیمانی سربراہان اور ایرانی وفد سے اہم ملاقاتیں

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے استنبول میں خلیجی ممالک کے پارلیمانی سربراہان اور ایرانی وفد سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی پارلیمانی رہنماؤں نے پاکستانی وفد کی امن کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ سردار ایاز صادق نے خطے میں ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایک دوسرے کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام سے گریز کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے حل کے لیے صبر اور حقیقت پسندانہ طرزِ عمل اپنانا ناگزیر ہے۔ استنبول میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران عمان، قطر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے پارلیمانی سربراہان نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا۔ قطری اسپیکر نے پاکستان کے کردار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کاوشوں سے مسلم امہ میں اتحاد کو فروغ مل رہا ہے۔ اس موقع پر خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور جارحانہ اقدامات روکنے پر زور دیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اختلافات سے دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچتا ہے اور اس سے اسرائیل کے عزائم کو تقویت ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کو اتحاد کے ذریعے فلسطین اور کشمیر جیسے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ادھر ایرانی پارلیمانی وفد نے منوچہر متکی کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، جس میں ایرانی قیادت نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ وفد نے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہترین مثال قائم کی ہے اور ایران اس اعلیٰ ظرفی اور دوراندیشی کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

ملاقاتوں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی کشیدگی کا انجام تباہی اور نقصان کی صورت میں نکلتا ہے، اس لیے مسائل کا حل صرف مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم دنیا میں اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اخراجات میں کمی کے پیش نظر محدود پارلیمانی وفد کانفرنس میں شریک ہوا جبکہ وفد کے اراکین نے اپنے دورے کے اخراجات خود برداشت کئے۔