سپارکو کے انسانی خلائی مشن پروگرام میں اہم پیشرفت، دو خلا ءباز امیدوار خرم دائود اور محمد ذیشان علی جدید تربیت کے لئے چین روانہ

سپارکو کے انسانی خلائی مشن پروگرام میں اہم پیشرفت، دو خلا ءباز امیدوار خرم دائود اور محمد ذیشان علی جدید تربیت کے لئے چین روانہ

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپارکو نے انسانی خلائی مشن پروگرام میں اہم پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو خلاء باز امیدوار خرم دائود اور محمد ذیشان علی تجربات کے لئے خلا میں جائیں گے، اس مقصد کے لئے دونوں خلا باز جدید تربیت کے لئے چین روانہ ہو گئے ہیں۔ سپارکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان ان محدود ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو انسانی خلائی پروازوں کے پروگرام میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ چائنہ سپیس سٹیشن کے مشن میں شرکت کی تیاری کر رہا ہے، یہ مشن 2026ء کے آخر میں متوقع ہے جس میں ایک پاکستانی خلا ءباز شین زو مشن کے دوران بطور پے لوڈ ایکسپرٹ ذمہ داریاں انجام دے گا۔

چائنہ سپیس سٹیشن پر مشن کے دوران پاکستانی خلاء باز مائیکرو گریویٹی میں متعدد سائنسی تجربات انجام دے گا۔ ان تجربات کا دائرہ کار اہم شعبوں پر مشتمل ہوگا جن میں مٹیریل سائنس، فلوئڈ فزکس، لائف/بائیو سائنس اور بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ ان تحقیقات کے نتائج ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، غذائی تحفظ کے فروغ اور صنعتی جدت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپارکو کی گہری خلائی تحقیق کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور لازوال دوستی کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انسانی خلائی مشن میں شرکت کے لئے پاکستان کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کا ایک اور عملی مظہر ہے۔