کوئٹہ۔ 25 مئی (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں اور بیٹری ٹیکنالوجی میں چائنا کی ایجادات ثابت کرتی ہیں کہ پائیداری اور معاشی ترقی ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ ترجمان گورنر ہائوس سے جاری کردہ بیان کے مطابق سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز نہ صرف کرہ ارض کیلئے مفید ہیں بلکہ مستقبل کی معیشت کی ترقی کیلئے بھی ضروری ہیں۔ گویا جیسے ہی ہم ماحول دوست توانائی کی طرف منتقل ہوتے ہیں، ہم نئی صنعتیں، پروفیشنل ملازمتیں اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں BYD نیوانرجی فیکٹری کے دورے کے موقع پر مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے یہ ایک واضح راستہ پیش کرتا ہے۔
ہم کلین انرجی، الیکٹرک موبلٹی اور گرین مینوفیکچرنگ میں شراکت تلاش کرنے کے خواہاں ہیں جو دونوں اطراف کیلئے افادیت پیدا کرتے ہوئے ہماری اپنی منتقلی کو تیز کر سکتے ہیں۔ صاف توانائی کامیاب معاشی نظام کی بنیاد ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے فیکٹری کے منتظمین سے مخاطب ہوکر کہا کہ میں BYD کی قیادت اور ٹیم کا ان کی گرمجوشی سے مہمان نوازی اور آپ کے وژن کا اشتراک کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم ایک نئی تفہیم حاصل کر کے پاکستان جا رہے ہیں جن کا ہم اپنے ملک اور صوبہ میں اس کے تخلیقی اطلاق کیلئے شعوری کوششیں ضرور کریں گے۔ ہم اس دورے پر آپ کے بھرپور تعاون کے ساتھ تعمیر کرنے کے منتظر ہیں جو ہمارے مشترکہ اہداف کو صاف ستھرا اور زیادہ خوشحال مستقبل کیلئے آگے بڑھاتا ہے۔