سنگاپور۔26اپریل (اے پی پی):سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق سے معروف مصنف امر دیپ سنگھ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ملاقات کی اورسکھ ورثے بارے اپنی ادبی کارگزاری سے آگاہ کیا۔ اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق امر دیپ سنگھ دو معروف کتب ’’لاسٹ ہیریٹج: دی سکھ لگیسی ان پاکستان‘‘ اور ’’دی کوئیسٹ کنٹینیوز‘‘ کے مصنف ہیں جن میں پاکستان میں سکھ ورثے کی تاریخ کو اجاگر اور گورو نانک اور ان کے پیروکاروں کی خدمات کو نمایاں کیا گیا ہے۔وہ اس وقت “Oneness in Diversity” منصوبے کی قیادت کر رہے ہیں جس کا مقصد گورونانک اور 15 بھگتوں کی زندگی اور تعلیمات پر مبنی آڈیو وژول تعلیمی مواد تیار کرنا ہے۔
اس کے علاوہ وہ ’’لرن ود نانک‘‘ اقدام کی بھی سربراہی کر رہے ہیں۔ ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے سکھ برادری کے لیے امر دیپ سنگھ کی خدمات بالخصوص گورو نانک اور ان کے پیروکاروں کے ورثے کو محفوظ کرنے اور دستاویزی شکل دینے کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ امر دیپ سنگھ کا کام پاکستان میں سکھ ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک اہم خدمت ہے۔