خرم شہزاد
مکہ مکرمہ۔21مئی (اے پی پی):سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج کے لئے مشاعر مقدسہ کی تفصیلی معلومات پر مبنی ایک جامع “حج گائیڈ” جاری کر دی گئی ہے۔ اس گائیڈ کا بنیادی مقصد عازمین کو مناسکِ حج کی درست ادائیگی، مقاماتِ مقدسہ کے درمیان نقل و حرکت اور انتظامی امور سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ ہر قسم کی دشواری سے محفوظ رہ کر اپنا یہ مقدس سفرِ مبارک آسانی سے مکمل کر سکیں۔حج کے بنیادی مناسک کی شروعات 8 ذوالحجہ (یوم الترویہ)سے ہوگی جب عازمینِ حج کا پہلا پڑاؤ منیٰ کے میدان میں ہوگا جہاں وہ ظہر سے لے کر اگلے دن فجر تک کی نمازیں قصر کر کے ادا کریں گے اور رات وہیں قیام کریں گے۔ اگلے روز یعنی 9 ذوالحجہ (یومِ عرفہ) کو فجر کی نماز کے بعد تمام عازمینِ حج کے سب سے بڑے رکن “وقوفِ عرفہ” کے لئے روانہ ہوں گے جہاں مسجدِ نمرہ اور جبلِ رحمت کے اطراف میں دعا و استغفار کیا جائے گا۔
وزارت کی جانب سے عازمین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غروبِ آفتاب تک لازمی طور پر عرفات کی حدود کے اندر ہی قیام کو یقینی بنائیں۔غروبِ آفتاب کے فوراً بعد عازمینِ حج مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جائیں گی اور رات وہیں کھلے آسمان تلے گزاری جائے گی۔ عازمین جمرات (رمی) کے لئے کنکریاں بھی اسی مقام سے جمع کریں گے۔ اگلی صبح یعنی 10 ذوالحجہ (یومِ النحر) کو منیٰ واپسی ہوگی جہاں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے، قربانی کرنے اور حلق یا قصر کرانے کے بعد احرام کھول دیا جائے گا۔ اس کے بعد ایامِ تشریق (11، 12 اور 13 ذوالحجہ) کے دوران عازمین روزانہ زوال کے بعد ترتیب کے ساتھ تینوں جمرات کو کنکریاں مارنے کا فریضہ سرانجام دیں گے۔
مناسک کے ساتھ ساتھ وزارت نے عازمین کے لئے “نسک ایپ” کی ڈاؤن لوڈنگ اور “نسک کارڈ” کو اپنے پاس رکھنے کو لازمی قرار دیا ہے کیونکہ مشاعر مقدسہ اور مسجدِ حرام میں داخلہ صرف اسی سرکاری کارڈ کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔ اس کے علاوہ مشاعر مقدسہ کے درمیان نقل و حرکت کے لئے ٹرین اور بسوں کا ایک مخصوص گروپ بندی شیڈول جاری کیا گیا ہے جس پر عازمین کو اپنے گروپ لیڈر کے ساتھ مل کر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ازدحام سے بچا جا سکے۔
شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے خطرات کے پیشِ نظر عازمین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کے اوقات میں پیدل چلنے سے مکمل گریز کریں، وافر مقدار میں پانی اور او آر ایس کا استعمال کریں اور دھوپ سے بچنے کے لئے ہمیشہ چھتری اپنے ساتھ رکھیں۔ حج کے تمام مناسک کی تکمیل کے بعد مکہ مکرمہ سے رخصتی سے قبل عازمین پر “طوافِ وداع” ادا کرنا لازم ہوگا جبکہ واپسی کے سفر میں ائیرپورٹ پر زمزم کی بوتلیں صرف سرکاری طور پر منظور شدہ پیکنگ میں ہی ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ عازمین کی رہنمائی اور ہنگامی صورتحال کے لئے سعودی حکومت کی ہیلپ لائنز (1966 اور 911) بھی چوبیس گھنٹے فعال رہیں گی۔