اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی جانب سے سٹیٹ بینک کومزید ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں ۔سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 15 اپریل کو 2 ارب ڈالر پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں، 20 اپریل کو ویلیو ڈیٹ پر ایک ارب ڈالر موصول ہوئے جو سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مالی معاونت کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
سٹیٹ بینک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 20 اپریل کو ویلیو ڈیٹ پر مزید ایک ارب ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔اس سے قبل 15 اپریل کو 2 ارب ڈالرموصول ہو چکے تھے، اور اب یہ ایک ارب ڈالر اسی پیکج کی دوسری قسط کے طور پر دیا گیا ہے۔ یہ رقم سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے اعلان کردہ 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنا اور معیشت کو سہارا دینا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مالی معاونت سے نہ صرف پاکستان کے فارن ایکسچینج ریزروز میں بہتری آئے گی بلکہ روپے پر دباؤ کم ہونے اور مالیاتی استحکام میں بھی مدد ملے گی۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔