زونگ نے لاہور ایئرپورٹ پر فائیو جی کسٹمرسہولت ڈیسک قائم کردیا

زونگ نے لاہور ایئرپورٹ پر فائیو جی کسٹمرسہولت ڈیسک قائم کردیا

لاہور/اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی سروس کمپنی زونگ اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صارفین کی سہولت کے لئے ایک خصوصی ڈیسک قائم کردیا ہے ۔قبل ازیں زونگ کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلے سہولت ڈیسک کا کامیاب آغاز کیا جاچکاہے ۔یہ اقدام نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سہولت کاری اور مسافروں کے لئے بہتر کنکٹیویٹی تجربات کے حوالے سے کمپنی کے عزم کا اظہار ہے۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ ڈیسک بہترین کسٹمر تجربہ فراہم کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے جہاں سم اور سروسز ایکٹیویشن، تیز رفتار ڈیٹا سروسز تک رسائی جبکہ مقامی و بین الاقوامی مسافروں کے لئے ریئل ٹائم کسٹمر سپورٹ بروقت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد ملک کے مصروف ترین سفری مراکز میں سے ایک پر کنکٹیویٹی سروسز تک بلا تعطل رسائی فراہم کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

زونگ اپنی وسیع تر فائیو جی حکمت عملی کے تحت ایسی متنوع پراڈکٹس اور سروسز کومتعارف کرارہا ہے جو صارفین اور کاروباری اداروں کی بدلتی ہوئی کنکٹیویٹی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔زونگ مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات پر اپنی توجہ بڑھا کر ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق زیادہ موثر،سمارٹ اور مربوط سفری تجربہ فراہم کر رہاہے۔زونگ میں سنٹرل اے کے ڈپٹی ریجنل جنرل منیجراورنگزیب خان نے کہا کہ لاہور بین الاقوامی اور مقامی دونوں طرح کے مسافروں کے لئے ایک اہم گیٹ وے ہے،یہاں پرفوری کنکٹیویٹی کی فراہمی کی اہمیت بہت زیادہ ہے، اس اقدام کے ذریعے ہم مسافروں کی آمد کے مقام پر ہی قابل اعتماد اور آسان ٹیلی کام سروسز فراہم کرکے مجموعی سفری تجربے کو بہتر بنا رہے ہیں، یہ صارفین کی سہولت اور اعلیٰ معیار کی سروسز پر ہماری مسلسل توجہ کا عکاس ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی لاہور کے جوائنٹ ڈائریکٹر کمرشل نے کہا کہ لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہماری ترجیح جدید اور مؤثر سروسز کے ذریعے مسافروں کی سہولت کاری کو بہتر بنانا ہے۔ زونگ کے ساتھ یہ شراکت داری ہمیں مسافروں کو بہتر ڈیجیٹل سپورٹ فراہم کرنے کے قابل بناتی ہے جس سے ایئرپورٹ کا تجربہ مزید آرام دہ اور بہتر ہو جائے گا۔فائیو جی پر مبنی یہ ایکو سسٹم ،زونگ اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مابین موثر تعاون کا مظہر ہے خصوصاً ڈائریکٹر جنرل پی اے اے، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پی اے اے (ایئرپورٹس) ہیڈکوارٹر پی اے اے اور ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ ہیڈکوارٹر پی اے اے کی ادارہ جاتی معاونت جبکہ لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایئرپورٹ منیجر،سی او او اور سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر کمرشل کی مؤثر سہولت کاری اہم حیثیت رکھتی ہے۔

فائیو جی کسٹمر فیسلی ٹیشن ڈیسک جیسے اقدامات کے ذریعے زونگ پاکستان بھر میں نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی اورانٹیلی جنٹ کنکٹیویٹی سالوشنزکو فروغ دینے والی ایک نمایاں ٹیکنالوجی سروس انٹرپرائز کے طور پر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔