لاہور۔18اپریل (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا نے سندس فائونڈیشن لاہور سنٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر معزز مہمان کا استقبال بانی و صدر سندس فائونڈیشن محمد یاسین خان، ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن خالد عباس ڈار اور فائونڈیشن انتظامیہ نے کیا۔دورے کے دوران شمائلہ رانا نے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا میں مبتلا زیرِ علاج بچوں سے ملاقات و عیادت کی اور انہیں تحائف پیش کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ سندس فائونڈیشن جیسے ادارے انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں ،ایسے فلاحی اداروں کا ساتھ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ادارے مریض بچوں کے لیے ایک مضبوط سہارااور ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔آخر میں بانی و صدر سندس فائونڈیشن محمد یاسین خان نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔