اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):پارلیمنٹ ہاؤس میں رکن قومی اسمبلی و چیف وہپ پاکستان پیپلز پارٹی اعجاز حسین جاکھرانی کے مرحوم بیٹے کی روح کے ایصال ثواب کیلئے منگل کو فاتحہ خوانی کی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ فاتحہ خوانی میں وفاقی وزراء، ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹرز نے شرکت کی۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےاعجاز حسین جاکھرانی سے ان کے بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ جواں سال بیٹے کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہے، اس مشکل گھڑی میں اعجاز حسین جاکھرانی اور ان کے اہلِخانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے اعجاز حسین جاکھرانی اور ان کے خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔فاتحہ خوانی میں میڈیا کے نمائندوں اور قومی اسمبلی کے افسران اور عملے نے بھی شرکت کی۔