اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری طاہر حسین اندرابی نے 18 مئی کو ماسکو میں روس-پاکستان سٹریٹجک استحکام مشاورتی گروپ کے 16ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اعتماد اور تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران دونوں فریقوں نے بین الاقوامی سلامتی اور عالمی استحکام سے متعلق اہم امور کے ساتھ ساتھ اسلحہ کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی۔
اجلاس میں بیشتر امور پر روس اور پاکستان کے مؤقف میں ہم آہنگی کی توثیق ہوئی۔ فریقین نے متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر اس نوعیت کے رابطوں اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشاورتی گروپ کا 17واں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔