رواں سال کی دوسری ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ مکمل

رواں سال کی دوسری ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ مکمل

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):حکومتِ پاکستان کی زیرِ قیادت پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام (پی ای آئی) نے سال 2026 کی دوسری ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی جس کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 48 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔یہ مہم پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی، جس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے ویکسینیشن ٹیموں نے ملک بھر میں 99 فیصد گھروں تک رسائی حاصل کی، جن میں دور دراز اور زیادہ خطرے والے علاقے بھی شامل ہیں۔ملک بھر میں بچوں کو گھر گھر ویکسین فراہم کرنے کے لیے 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز کو متحرک کیا گیا، جنہوں نے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام علاقوں میں فرائض انجام دیے۔

تمام علاقوں میں ویکسینیشن کی شرح بلند رہی۔ پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں، سندھ میں 1 کروڑ 4 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ 35 ہزار سے زائد اور بلوچستان میں 26 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی۔ اسلام آباد میں 4 لاکھ 41 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 92 ہزار جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 17 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ کمیونٹی کی قبولیت میں مسلسل بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ انکار کی شرح 0.15 فیصد سے کم رہی، جو عوامی اعتماد میں اضافے اور خاندانوں اور مقامی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل رابطے کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ شرح فروری 2025 کی قومی انسدادِ پولیو مہم کے مقابلے میں انکار کے واقعات میں 20 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مہم کے بعد خصوصی فالو اَپ سرگرمیوں اور گھر گھر رسائی کو مزید مؤثر بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں رہ جانے والے 90 فیصد بچوں کو ویکسین فراہم کی گئی اور قوتِ مدافعت میں موجود خلا کو کم کرنے میں مدد ملی۔ زیادہ تر محروم رہ جانے والے بچے عارضی غیر موجودگی، آبادی کی نقل و حرکت اور دور دراز و دشوار گزار علاقوں میں رسائی کی محدود سہولتوں کے باعث ویکسین سے محروم رہے۔

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام (PEI) پولیو وائرس کی منتقلی کے مکمل خاتمے اور اس کے حتمی مرحلے کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے مسلسل اعلیٰ معیار کی مہمات، مضبوط نگرانی کے نظام اور کمیونٹی کی مؤثر شمولیت کے ذریعے اپنے عزم پر قائم ہے۔ آئندہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم مئی 2026 کے اختتام پر منعقد کی جائے گی۔