راولپنڈی۔12مئی (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں “پاک چین دوستی: ثقافتی و اسٹریٹجک تعلقات” کے موضوع پر انٹر یونیورسٹی سکہ اور ڈاک ٹکٹ ڈیزائن مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات کی طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تاریخی و دوستانہ تعلقات کو تخلیقی انداز میں اجاگر کیا۔یہ مقابلہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے تحت منعقد کیا گیا جس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں پاک چین تعلقات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا تھا۔ مقابلے میں طالبات نے فنکارانہ مہارت اور جدید ڈیزائننگ کے ذریعے پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤں کو نمایاں کیا۔ نتائج کے مطابق راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی طالبہ خنساء بنت بابر نے سکہ ڈیزائننگ کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈاک ٹکٹ ڈیزائننگ کے مقابلے میں حافظہ سجل طوبیٰ نور نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔فنون لطیفہ کے سینئر اساتذہ اور ماہرین پر مشتمل جیوری پینل نے تمام تخلیقات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
جیوری نے ڈیزائنز کو فنی مہارت، موضوع سے مطابقت، جدت اور تخلیقی اظہار کی بنیاد پر پرکھا اور بہترین کا انتخاب کیا۔تمام شریک طالبات کو ان کی شرکت کے اعتراف میں ای سرٹیفکیٹس دیئے گئے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات اعتماد، احترام اور مسلسل تعاون کی مضبوط مثال ہیں۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری وقت کے ساتھ تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں مزید وسعت اختیار کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تخلیقی سرگرمیاں نہ صرف دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ طالبات کو بین الثقافتی سمجھ بوجھ اور مثبت تخلیقی اظہار کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔یونیورسٹی کی رجسٹرار ڈاکٹر ہما راؤف نے طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے طالبات میں خود اعتمادی، تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔