راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عیدالاضحی کے موقع پر صفائی پلان

راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عیدالاضحی کے موقع پر صفائی پلان

راولپنڈی۔ 22 مئی (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی 2026 کے موقع پر ضلع بھر میں مثالی صفائی انتظامات کیلئے جامع اور مؤثر صفائی پلان تشکیل دے دیا، عید صفائی آپریشن کے دوران 6340 سے زائد ورکرز اور 1066 گاڑیاں و مشینری فیلڈ میں خدمات انجام دیں گی جبکہ تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،

عید صفائی آپریشن ضلع راولپنڈی کی سات تحصیلوں، راول ٹاؤن، پوٹھوہار ٹاؤن، صدر، ٹیکسلا، گوجر خان، کہوٹہ اور کلرسیداں کی 164 یونین کونسلز میں جاری رہے گا۔ آپریشن کے دائرہ کار میں 7 لاکھ 29 ہزار 577 گھر، 1556 مساجد، 98 عیدگاہیں اور 560 قبرستان شامل ہیں،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے 33 ٹرانسفر اسٹیشنز اور 4 ڈمپ سائٹس بنائی گئی ہیں جبکہ 7991 کنٹینرز اور ڈرمز بھی صفائی پلان کا حصہ ہیں،ڈمپ سائٹس پر 11 بڑی خندقیں کھودی جا رہی ہیں تاکہ آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔ صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کیلئے 145000 کلوگرام چونا، 2302 لٹر فینائل اور 981 لٹر عرقِ گلاب استعمال کیا جائے گا۔ضلع بھر میں قائم 5 مویشی منڈیوں کیلئے خصوصی صفائی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جہاں 55 ورکرز اور 11 گاڑیاں تعینات ہوں گی۔ اسی طرح 38 اجتماعی قربان گاہوں پر 167 ورکرز اور 54 گاڑیاں صفائی امور سرانجام دیں گی۔ 33 ٹرانسفر اسٹیشنز پر 144 گاڑیاں مسلسل ویسٹ ٹرانسفر میں مصروف رہیں گی۔شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن 1139 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی جبکہ9291108 051، 03164801718 اور 03164801719 پر بھی شکایات درج کروائی جا سکیں گی۔ شکایات کے ازالے کا دورانیہ 30 منٹ سے 2 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے دو شفٹوں میں 14 افراد جبکہ 5 کنٹرول رومز میں 20 اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے۔ ستھرا پنجاب، سی ایم ایس، پی ایم ڈی یو، ایس ایم یو اور اسپیشل برانچ بھی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے،عیدالاضحی پر آلائشیں ڈالنے کیلئے شہریوں میں 376700 ویسٹ بیگ تقسیم کیے جائیں گے جبکہ 1300 سٹیمرز، 1900 بینرز، 46 ہورڈنگز، 61000 بروشرز، 6250 پوسٹرز اور 997 وہیکل بینرز کے ذریعے صفائی آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 7 ماڈل کیمپ، 86 یونین کونسل کیمپ، 5 کیٹل مارکیٹ کیمپ اور 33 ویسٹ کولیکشن پوائنٹ کیمپ قائم کیے جائیں گے۔آگاہی مہم ڈور ٹو ڈور، مارکیٹس، مساجد اور مویشی منڈیوں میں جاری رہے گی جبکہ سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ عید سے قبل مساجد، عیدگاہوں اور قبرستانوں کی خصوصی صفائی اور واشنگ کی جائے گی جبکہ عید سے ایک روز قبل زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا۔ نمازِ عید سے قبل اہم مقامات پر چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے گا جبکہ عید کے تینوں دن آلائشیں اٹھانے اور تلف کرنے کا عمل بلا تعطل جاری رہے گا، چکلہ پل، پیرودھائی موڑ، خیابان سرسید، سکستھ روڈ، شمس آباد، جلیبی چوک، وارث خان، کمیٹی چوک، مورگاہ روڈ، لیاقت باغ، چکری انٹرچینج، چک بیلی اور ساگری کے مقام پر ٹرانسفر اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ صفائی آپریشن کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا سکے۔