اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مسائل کے حل کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے مشترکہ کردار ادا کیا،صوبے کے مسائل کے حل کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ،خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، صبح چھ سے نو بجے تک بلا تعطل گیس فراہم کی جائے گی، صوبے میں امن و امان اور مالیاتی معاملات کا حل ہماری ترجیح ہے۔بدھ کوصوبائی اپوزیشن کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو سی این جی، گندم اور دیگر معاملات سے متعلق کئی مسائل کا سامنا تھا جن پر صوبائی حکومت، اپوزیشن اور وفاق کے درمیان مسلسل رابطے جاری رہے۔
انہوں نےکہا کہ سپیکر کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعلیٰ، کابینہ اراکین اور تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے کے مفاد کے معاملات پر سیاست نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پشتون جرگے اور دیگر صوبائی معاملات پر بھی تمام سیاسی قوتوں نے متحد ہو کر فیصلے کئے اور صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔گورنر نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی جس میں وفاقی نمائندوں کے ساتھ صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے ارکان شامل تھے نے خیبرپختونخوا کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سی این جی کے مسئلے پر وفاق کے ساتھ مذاکرات کے بعد اتفاق ہوا ہے کہ صوبے کو روزانہ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک 35 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی جبکہ عید اور ضرورت کے مواقع پراضافی گیس بھی دی جا سکے گی، اس فیصلے کے بعد صوبے میں کل سے سی این جی سٹیشن دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی ترسیل اور تجارت کے مسائل بھی وفاق کےسامنے اٹھائے گئے کیونکہ آئین کے آرٹیکل 151 کے تحت بین الصوبائی تجارت آزاد ہونی چاہئے۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگر وفاق اور صوبہ مل کر سنجیدگی سے بات کریں تو بیشتر مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن عوامی مسائل، امن و امان، مالیاتی امور اور صوبے کے حقوق کے معاملے پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔