پشاور۔ 09 مئی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی کی دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے ) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز بارش جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ بارشوں کے باعث میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے، ضلعی انتظامیہ کو اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کیلئے فوری اقدامات، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے آگاہ رکھنے، تیز بارشوں میں عوام کو سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ناخشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔