خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام تین روزہ ہنرمیلے کا اغاز

خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام تین روزہ ہنرمیلے کا اغاز

پشاور۔ 16 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام صوبہ کے ہنرمندوں کے ہنراورثقافت کے فروغ کے لیے تین روزہ ہنر میلہ کا نشترہال پشاورمیں آغازہوگیا، فیسٹیول کا افتتاح ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی شاہد خان نے کیا ، ڈائریکٹرایڈمن اینڈ فنانس شہریار محمود، ڈائریکٹر کلچراینڈٹورازم حلیمہ اقبال، کمانڈنٹ ٹورازم پولیس شاہ نواز ، ڈپٹی ڈائریکٹراکبرعلی اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخواکلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواکلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کا ہنرمیلہ منعقد کرنے کا مقصد صوبہ کے ہنرمندوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے ہنرکو دنیا کے سامنے پیش کرسکیں بلکہ ان کے ہنرکو فروغ دینے میں مدد ملے ، ہنرمیلہ میں 40 سے زائد دستکار ی اورروایتی کھانے پینے کے سٹالز سجائے گئے ہیں جس میں صوبہ کی ثقافت کے بہترین اندازمیں پیش کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیمیلز کیلئے منعقدہ ہنرمیلہ میں بچوں کیلئے پلے ایریا، خیبرپختونخوا کا روایتی حجرہ، کیلاش پویلین، دستکاری و ثقافتی سٹالز کیساتھ ساتھ صوبہ کے سیاحتی مقامات پر بنائی گئی تصاویر کی نمائش، ٹورسٹ انفارمیشن ڈیسک اورصوبہ کے سیاحتی مقامات پربنائی گئی ڈاکومنٹریز بھی نشرکی جا رہی ہیں ۔ نشترہال میں شام کے اوقات میں خیبرپختونخوا کے نامور فنکار مزاحیہ خاکے، پاکستان کے چاروں صوبوں میں اظہار یکجہتی پرمبنی ڈرامہ اوردیگرمقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔

فیسٹیول میں تمغہ امتیاز لینے والے منفردویکس پینٹنگ کے ہنرمندریاض احمد، ہزارہ پھلکاری، ہینڈی کرافٹ، چارسدہ چپل، ہزارہ ہینڈی کرافٹ، محکمہ جیل خانہ جات کاسٹال جس میں قیدیوں کے ہاتھوں سے بنی اشیائ، خواتین کے مختلف سٹالز ان کے علاوہ کھانے پینے کے سٹالز میں چپلی کباب، بنوں پینڈا، چارسدہ چاول، گنے اورگڑ کا شربت، آئس کریم، دہی بھلے اوردیگر اشیاء شامل ہیں، تین روزہ ہنر میلہ 17 مئی تک نشترہال پشاورمیں جاری رہے گا۔