خوراک، کاسمیٹکس و ادویات کی جانچ کے لیے جدید لیبز کے ساتھ حفظان صحت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ڈاکٹر طلعت نصیر

خوراک، کاسمیٹکس و ادویات کی جانچ کے لیے جدید لیبز کے ساتھ حفظان صحت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ڈاکٹر طلعت نصیر

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):پنجاب ایگری کلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی(پی اے ایف ڈی اے )کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں اتھارٹی کاسمیٹکس، خوراک، زراعت اور ادویات کی مصنوعات کی جانچ کے لیے جدید لیبارٹریوں کے قیام کے ساتھ حفظان صحت کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جس کا مقصد خوراک میں ملاوٹ کا خاتمہ اور اعلیٰ ترین معیار یقینی بنانا ہے۔ اتوار کو خصوصی انٹرویو میں ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ پی اے ایف ڈی اے کو خوراک اور زرعی ادویہ سازی کی مصنوعات کا معیار یقینی بنانے کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی اے ایف ڈی اے کی جانچ کی صلاحیتوں میں غذائیت کی پروفائلنگ، مائیکرو بائیولوجیکل سیفٹی اسیسمنٹ اور اجزا کی تصدیق شامل ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام مصنوعات اعلیٰ معیار پر پوری اترتی ہیں۔ ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے خوراک، زرعی مصنوعات ادویات اور طبی مواد کے تجزیہ میں پی اے ایف ڈی اے کی جدید ترین لیبارٹریز اور جدید ٹیکنالوجی کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے معیار کو برقرار رکھنے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے سائنسی تعاون اور علم کے تبادلہ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ایف ڈی اے ایسے کاسمیٹکس کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کر رہی ہے جو جلد کی بیماریوں سے منسلک ہیں اور ان کی سخت جانچ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کی خوراک اور زرعی مصنوعات کی جانچ میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور وزیر اعلیٰ صحت عامہ اور زرعی شعبے کے تحفظ کے لیے ان اقدامات کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں۔ ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے دودھ کی مصنوعات میں ملاوٹ سے منسلک ڈائیلاسز اور کینسر کے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی اے ایف ڈی اے حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بچوں کی مصنوعات، موسم گرما کے مشروبات اور بھینس کے دودھ پر لیبل کا باریک بینی سے معائنہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت میں ٹیسٹنگ اور تحقیق کے فروغ کے لیے نئی لیبارٹریز قائم کی جا رہی ہیں تاکہ خوراک اور زرعی مصنوعات کے معیار میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے مصنوعات کی حفاظت کے حوالے سے عوامی بیداری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نیپال، بھوٹان اور دیگر ممالک پی اے ایف ڈی اے کی جانچ کی سہولیات کی قدر کو تسلیم اور اپنی مصنوعات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے اسی طرح کے نظام کو اپنانے پر غور کر رہے ہیں۔