رحیم یارخان ۔ 10 مئی (اے پی پی):خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان میں آپریشن “بنیان مرصوص” کو ایک سال مکمل ہونے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران وائس چانسلرانجینئر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے رجسٹرار انجینئر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران کے ہمراہ پرچم کشائی کی، جبکہ جامعہ کے چاق و چوبند سکیورٹی گارڈز کے دستے نے سلامی پیش کی۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا بھارت نے متعدد بار اشتعال انگیزی کی، تاہم پاکستان نے ہمیشہ تحمل، بردباری اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ برس آج کے دن جب بھارت نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی تو پاک افواج نے مربوط اور بھرپور ردعمل دیتے ہوئے سائبر، فضائی، زمینی اور بحری محاذوں پر دشمن کو مؤثر جواب دیا اور اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے سے کئی گنا بڑے ملک کو شکست دے کر دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھرا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج عالمی طاقتیں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی و دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پہلے سے زیادہ محنت اور جدوجہد کرنا ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ، پروفیسر ڈاکٹر شناورنیاز، پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر، ڈاکٹر بدر الاسلام، ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر عدنان خالق، ڈاکٹر محمد سیف، ڈاکٹر فرحان جہانگیر چغتائی، ڈاکٹر میاں طارق محمود، ڈاکٹر ندیم سلامت،ڈاکٹر محمد حبیب، سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور ایڈمنسٹریٹو افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔