خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا اسلام آباد میں ہلال احمر پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ، بیگم نصرت بھٹو لائیبریری کا افتتاح کیا

خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا اسلام آباد میں ہلال احمر پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ، بیگم نصرت بھٹو لائیبریری کا افتتاح کیا

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہلال احمر سوسائٹی پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور بیگم نصرت بھٹو لائبریری کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ”پی آر سی ایس کا انسانی ہمدردی کا سفر“ کے عنوان سے منعقدہ نمائش کا بھی معائنہ کیا۔ پی آر سی ایس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر خاتونِ اول کا استقبال چیئرپرسن پی آر سی ایس فرزانہ نائیک اور ادارے کے سینئر حکام نے کیا، انہیں1947 میں ادارے کے قیام کے بعد سے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی انسانی خدمات، تاریخی کردار اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں ملک بھر میں رضاکاروں کا نیٹ ورک اور نوجوانوں کی شمولیتی اقدامات شامل ہیں۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بیگم نصرت بھٹو لائبریری کا افتتاح کرنے کےلئے فیتہ کاٹا اور نمائش کا دورہ کیا جس میں پی آر سی ایس کے انسانی ہمدردی کے سفر بشمول آفات سے نمٹنے کی کارروائیاں، تاریخی امدادی سرگرمیاں اور بھٹو خاندان سے منسلک دیرینہ فلاحی اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔

خاتونِ اول نے بیگم نصرت بھٹو لائبریری کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی اور چیئرپرسن پی آر سی ایس فرزانہ نائیک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ اس لائبریری سے مستفید ہوں گے جبکہ پی آر سی ایس نے ملک بھر میں یوتھ کلبز بھی قائم کئے ہیں اور نوجوان رضاکاروں کےلئے رہنمائی کے پروگرامز چلا رہا ہے۔ اپنے خطاب میں بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے پی آر سی ایس کی جانب سے انجام دی جانے والی انسانی خدمات کو سراہا اور ادارے کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کےلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پی آر سی ایس انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کے مشن کو سنجیدگی اور لگن کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دورے کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نانی بیگم نصرت بھٹو، اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹواور اپنے والد جو اس سوسائٹی کے صدر بھی ہیں سے وابستہ انسانی خدمت کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی انسانیت کےلئے جاری خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ چیئرپرسن پی آر سی ایس فرزانہ نائیک نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو لائبریری کا افتتاح مرحومہ بیگم نصرت بھٹو کی ہمدردی، عوامی خدمت اور انسانی قیادت کے دیرپا ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انسانی اقدار کے فروغ اور کمزور طبقات کی معاونت کے ذریعے پی آر سی ایس کے مشن کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس قومی سوسائٹی کے صدر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائبریری نوجوانوں، رضاکاروں اور مستقبل کے انسان دوست افراد کےلئے سیکھنے، تحقیق اور تحریک کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔

بعد ازاں آصفہ بھٹو زرداری نے ہیڈکوارٹرز میں پی آر سی ایس کے رضاکار بچوں سے بھی ملاقات کی اور انسانی و سماجی خدمات میں ان کی دلچسپی اور شمولیت کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان میں آئی ایف آر سی کے سربراہ آندریاس وائسن برگ، آئی سی آر سی کے سربراہ کرسٹوف سوٹر، ترک ریڈ کریسنٹ کی سربراہ بیضا تانر، جرمن ریڈ کراس کے نمائندے آصف امان خان، ناروین ریڈ کراس کے سربراہ ڈاکٹر الوگ بیک امینوف اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری بھی موجود تھیں۔ قبل ازیں ہلال احمر پاکستان کے ہیڈکوارٹر آمد پر خاتون اول کا ادارہ کی سربراہ اور سینئر حکام نے گرمجوشی سے خیر مقدم کیا۔ چیئرپرسن نے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کو ہلال احمر پاکستان کا بیج لگایا اور جیکٹ پہنایا جبکہ انہیں سووینیئر اور پوٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔