حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یقین دلایا ہے کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔ وہ یورپی یونین کے سینئر حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر (ایشیا پیسفک) پیٹرس سٹبس کررہے تھے، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز یورپین انویسٹمنٹ بینک تھوریا تریکی ، ایڈیڈاس کے نائب صدر مینیول پاؤزر ، ایندرتز کے نائب صدر کارل شلوگل باؤر اور آئیکیا (آئی کے ای اے)کے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے بھی وفد میں شامل تھے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر خان اور پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کیروبلس بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے۔ یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یورپی یونین کے وفد کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سمیت علاقائی چیلنجوں کے باوجود معیشت کے استحکام کے لیے کام جاری رکھنے کے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نے خاص طور پر یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ اپنے دو حالیہ ٹیلی فونک روابط کا ذکر کیا جن میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ خطے میں امن کی کوششوں میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے یورپی یونین کے وفد نے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کی میزبانی میں بھرپور تعاون کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔ وفد کے اراکین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اپنے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان توانائی، مواصلات اور آئی ٹی وغیرہ سمیت مختلف شعبوں میں بی ٹو بی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے قوی امکانات ہیں۔