اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):حکومت پاکستان نے نجکاری کمیشن کے ذریعے بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے لئے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے اظہار دلچسپی کو باضابطہ طور پر مدعو کیا ہے۔ اس نجکاری میں سرمایہ کاروں کے لئے تین تقسیم کار کمپنیوں میں سے ہر ایک میں مینجمنٹ کنٹرول کے ساتھ 51 سے 100 فیصد تک شیئر ہولڈنگ حاصل کرنے کا موقع میسر آ رہا ہے۔ یہ اقدام حکومت پاکستان کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد کارکردگی میں بہتری ، خدمات کی فراہمی کو معیاری بنانا، غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو مشترکہ طور پر پنجاب اور اسلام آباد کے بڑے صنعتی، تجارتی اور شہری مراکز میں 14 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔ نجکاری کا یہ عمل بین الاقوامی طور پر رائج طریقہ کار کے مطابق شفاف مقابلہ کے انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار انفرادی طور پر یا کنسورشیم کے حصے کے طور پردستاویزات میں بیان کردہ اہلیت کے معیار کے مطابق شرکت کر سکتے ہیں۔ اظہار دلچسپی کے نوٹس کے مطابق ہر تقسیم کار کمپنی کے لیے علیحدہ پیشکش جمع کرانا ہو گی، اظہار دلچسپی کے نوٹس کے مطابق ہر تقسیم کار کمپنی کے لئے علیحدہ پیشکش دینا ہو گی اور پیشکش جمع کرانے کی آخری تاریخیں فیسکو 7 جولائی 2026 ،گیپکو 6 اگست 2026 اور آئیسکو 7 ستمبر 2026 ہیں۔
سرمایہ کاری کے مواقع، نجکاری کے ڈھانچے اور دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لئے طریقہ کار کی وضاحت کے لئے نجکاری کمیشن اور مالیاتی مشیر کی جانب سے مشترکہ طور پر سرمایہ کاروں کے لئے ایک آن لائن بریفنگ بھی منعقد کی جائے گی۔ حکومت پاکستان پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کو توانائی کے شعبے کو جدید بنانے، غیرفعالیت کو کم کرنے، نجی شعبے کی شراکت کی حوصلہ افزائی اور صارفین کی خدمات کے معیار کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھتی ہے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے مالیاتی استحکام، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور طویل مدتی اقتصادی استحکام میں مثبت کردار ادا ہوگا۔
نجکاری کمیشن ڈسکوز کے موجودہ ٹیرف کے ڈھانچے، ملٹی ائیر ٹیرف کے نظام، بزنس ماڈل اور سپلائرز کےموجودہ فریم ورک کو بہتر بنانے کے لئے ممکنہ سرمایہ کاروں اور پاور سیکٹر کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے گا جس سے پاکستان میں بجلی کی فراہمی کے کاروبار میں نجی شعبے کی تیز رفتار اور زیادہ موثر شرکت میں مدد ملے گی۔نجکاری کمیشن کا عزم ہے کہ پاکستان پالیسی کے تسلسل، ریگولیٹری شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کے لئے پر تعاون ماحول پیدا کرے ۔ نجکاری کے عمل میں شمولیت کے لئے اہلیت کے تقاضوں اور اظہار دلچسپی جمع کرانے سے متعلق تفصیلی معلومات نجکاری کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ۔