اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام موجود تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قطر پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، حکومت بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاحت، ہوٹلنگ و ہاسپیٹیلٹی اور رئیل اسٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سہولت و معاونت فراہم کی جائے۔ تعمیر گروپ کے بانی نے گروپ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تعمیر گروپ پاکستان میں ہاسپیٹیلٹی و ہوٹلز اور رئیل اسٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے کئی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ محمد حسین آل علی نے پاکستان میں گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ محمد حسین آل علی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی اور کاروبار و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھارہی ہے۔