حکومت نوجوانوں کے سیاسی و جمہوری حقوق کے مکمل تحفظ پر یقین رکھتی ہے، رانا ثنا اللہ خان

حکومت نوجوانوں کے سیاسی و جمہوری حقوق کے مکمل تحفظ پر یقین رکھتی ہے، رانا ثنا اللہ خان

فیصل آباد۔ 25 مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے سیاسی و جمہوری حقوق کے مکمل تحفظ پر یقین رکھتی ہے، نوجوانوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ووٹر کی عمر کی حد سے متعلق کسی قسم کی ترمیم زیر غور نہیں جبکہ آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو بڑا ریلیف دیا جائے گا جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعظم خود کریں گے،

حکومت عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام، نوجوانوں کی ترقی، کھیلوں کے فروغ اور ملک میں امن و خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور آنے والے دن پاکستان کے لیے مزید بہتری، استحکام اور ترقی کا پیغام لے کر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 3 ج ب رام دیوالی میں انٹرنیشنل کبڈی اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کے علاوہ شہریوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے سینیٹر رانا ثنا اللہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کبڈی پنجاب کی پہچان، روایت اور ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے اور یہ کھیل دیہی زندگی کی روح میں رچا بسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد اور خصوصاً اس حلقے کے کھلاڑیوں نے قومی کبڈی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ماضی میں قومی کبڈی ٹیم میں اس علاقے کے کھلاڑیوں کی اکثریت شامل رہی جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ چک رام دیوالی میں انٹرنیشنل کبڈی اسٹیڈیم کا قیام علاقے کے عوام کے لیے ایک تاریخی تحفہ ہے جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اسی وژن کے تحت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے ہر گاؤں، بستی اور دیہات میں کھیلوں کے میدان قائم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف لایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان میدانوں سے جڑے رہیں کیونکہ کھیل نہ صرف جسمانی توانائی کو مثبت سمت دیتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، برداشت، اتحاد اور قیادت جیسی خوبیاں بھی پیدا کرتے ہیں۔ سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے واضح کیا کہ نوجوانوں کے ووٹ کے حق سے متعلق بے بنیاد افواہیں گردش کر رہی ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ووٹر کی عمر کی حد میں تبدیلی کے حوالے سے نہ کوئی تجویز زیر غور ہے اور نہ ہی حکومت ایسی کسی ترمیم پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا روشن مستقبل ہیں اور حکومت ان کے سیاسی، جمہوری اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری روایات کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور مختلف قومی و سیاسی معاملات پر مکالمہ، بحث اور رائے کا اظہار جمہوری حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند سیاسی ماحول کے لیے ضروری ہے کہ اختلاف رائے کو برداشت کیا جائے اور قومی معاملات پر مثبت انداز میں گفتگو جاری رکھی جائے۔ معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے متاثرہ طبقات کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بجٹ میں ایسے اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں جن سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے اور بجٹ میں عوام دوست پیکج پیش کیا جائے گا۔ رانا ثنااللہ خاں نے کہا کہ حکومت کو ملکی معیشت میں بہتری کے واضح آثار دکھائی دے رہے ہیں اور آنے والے مہینوں میں مزید مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دبائو میں کمی آئے گی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا مقصد صرف اعدادوشمار کی بہتری نہیں بلکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی آسانی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں امن و استحکام کی صورتحال مزید بہتر ہوتی ہے اور ایران و امریکہ کے درمیان معاملات بہتری کی طرف جاتے ہیں تو پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں عوام کو بڑا ریلیف ملے گا، توانائی کے شعبے پر دبائو کم ہوگا اور معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت خطے میں امن کے قیام کے لیے مو ثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا امن، استحکام اور مذاکرات کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، اعتدال اور باہمی احترام کی پالیسی اپنائی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مو قف توجہ سے سنا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے اور قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری مسلم امہ پہلی بار غیر معمولی اعتماد کے ساتھ پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے جو قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور مضبوط قیادت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت ہے اور اپنے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے مگر اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک سے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے عملی اور دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو بہتر علاج، تعلیم، روزگار اور ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی تبدیلی آسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط ہوگا اور دنیا بھر سے لوگ روزگار، تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کا رخ کریں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مثبت امید رکھیں، ملکی ترقی پر اعتماد کریں اور اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں کیونکہ پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے اور ملک کو معاشی، سیاسی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔