حکومت عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ

حکومت عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ

چنیوٹ ۔ 10 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور اسی سلسلے میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں مستحق اور نادار افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اتوار کو چنیوٹ کے نواحی علاقے چک نمبر 11 سدھوانوالہ میں منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں تمام بیماریوں کے ماہر ڈاکٹرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ مریضوں کو مفت چیک اپ، مفت ٹیسٹ اور مفت ادویات کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ انجمن اسلامیہ کے تعاون سے فیلڈ ہسپتال کے تحت مختلف دیہی اور دور افتادہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ وہ لوگ بھی علاج معالجہ کی سہولت حاصل کر سکیں جو بڑے شہروں یا ہسپتالوں تک رسائی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فلاحی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ چک نمبر 11 سدھوانوالہ میں قائم میڈیکل کیمپ میں جنرل فزیشنز سمیت مختلف امراض کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں جو مریضوں کا تفصیلی معائنہ کر رہے ہیں۔ کیمپ میں فری بلڈ شوگر ٹیسٹ، ہیپاٹائٹس بی اور سی کی سکریننگ، بلڈ پریشر چیک اپ، مختلف لیبارٹری ٹیسٹ اور ضروری ادویات مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مریضوں کو احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرز زندگی کے حوالے سے بھی آگاہی دی جا رہی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبہ میں مزید بہتری کیلئے ایسے فلاحی اور طبی منصوبوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ فلاحی تنظیموں اور سماجی اداروں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مخیر حضرات، ڈاکٹرز اور فلاحی تنظیمیں اگر اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں تو صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی دیہی اور پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ چنیوٹ انجمن اسلامیہ کے تعاون سے قائم اس میڈیکل کیمپ میں خواتین، بزرگ شہریوں، بچوں اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔ شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں مفت طبی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا ریلیف ہے جس سے غریب اور مستحق افراد کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔