اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے فتح خیل پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور مرحومین کی مغفرت کے لیے دعا کی۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
محمد حنیف عباسی نےحملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،خیبرپختونخوا پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گاجبکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔