حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس انسانیت کے لئے کامل نمونہ ہے، سردار محمد یوسف

حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس انسانیت کے لئے کامل نمونہ ہے، سردار محمد یوسف

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ یہ رشتہ مشترکہ عقیدے، تاریخ، تہذیب اور اخوت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے سفارتخانہ میں ” آپ ﷺ کے نقش قدم” کے موضوع پر مضمون نویسی کے مقابلہ میں کامیاب قرار پانے والوں کی تقریب اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس باوقار تقریب میں شرکت پر دلی مسرت ہو رہی ہے، جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانہ بالخصوص دفترِ مشاورت برائے مذہبی امور کو اس خوبصورت اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دونوں ممالک نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفاد، امن، استحکام اور علمی و روحانی ترقی کے لئے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ یہ علمی و فکری تعاون آج بھی اسی قوت کے ساتھ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس انسانیت کے لئے کامل نمونہ ہے، آپ ﷺ نے عدل، رحم، برداشت، اخوت، احترامِ انسانیت، علم دوستی اور معاشرتی انصاف کی ایسی روشن مثال قائم کی جو قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی، عہد حاضر میں دنیا جن اخلاقی بحرانوں، تعصبات اور نفرتوں کا شکار ہے، ان کا حقیقی حل سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق قرآن و سیرت کے فروغ، نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت اور اسلامی اقدار کے احیاء کے لئے مسلسل سرگرمِ عمل ہے، اسی سلسلے میں وزارت ہر سال قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے جس میں ملک بھر کے ممتاز علماء، محققین، دانشور اور طلبہ شرکت کرتے ہیں اور سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر علمی و فکری مکالمہ کیا جاتا ہے۔

اسی طرح وزارت کی جانب سے مقابلہ مقالاتِ سیرت، کتبِ سیرت، نعتیہ کتب، سیرت جرائد و مجلات اور دیگر تحقیقی و ادبی شعبہ جات میں قومی سطح پر مقابلہ جات منعقد کئے جاتے ہیں جن کا مقصد نوجوان نسل، اہلِ قلم اور محققین میں سیرتِ نبوی ﷺ کے مطالعے، تحقیق اور فروغ کے رجحان کو مضبوط بنانا ہے۔ الحمدللہ، ان مقابلہ جات میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں اہلِ علم اور نوجوان حصہ لیتے ہیں اور عشقِ رسول ﷺ کا عملی اظہار کرتے ہیں۔قرآنِ کریم کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے کے لئے وزارت باقاعدگی سے قومی مقابلہ حسنِ قرأت و حفظِ قرآن منعقد کرتی ہے۔ مزید برآں حال ہی میں پاکستان کو ایک عظیم الشان بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت و حفظِ قرآن کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا جس میں او آئی سی کے چالیس سے زائد رکن ممالک کے ممتاز قراء اور حفاظِ کرام نے شرکت کی۔

اس عالمی سطح کی روحانی و قرآنی تقریب نے نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا بلکہ امتِ مسلمہ کے قرآنی رشتے، اتحاد اور باہمی اخوت کو مزید مضبوط کیا۔وزارت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ قرآن اور سیرت ہی وہ سرچشمے ہیں جن سے معاشرتی ہم آہنگی، قومی یکجہتی، بین المذاہب احترام اور عالمی امن کی راہیں روشن ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم علمی و فکری مقابلوں، تربیتی پروگراموں اور بین الاقوامی مکالموں کے ذریعے نوجوان نسل کو قرآن و سنت کے ساتھ جوڑنے کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ یہ تقریب بھی اسی مبارک سلسلے کی ایک روشن کڑی ہے، مجھے خوشی ہے کہ ترکیہ کے برادر سفارتخانہ نے نوجوان نسل میں مطالعہ سیرت اور فکری تحقیق کے فروغ کے لئے یہ خوبصورت قدم اٹھایا۔ یہ اقدام یقیناً دونوں برادر ممالک کے درمیان علمی، روحانی اور ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔

اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ و طالبات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں ان کے والدین، اساتذہ، منتظمین اور معزز ججز کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس کامیاب پروگرام کو ممکن بنایا۔آئیے ہم عہد کریں کہ ہم حضور نبی کریم ﷺ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنے کردار، اپنی معاشرت اور اپنی قومی زندگی کو سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی سے منور کریں گے۔ یہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے اور یہی امتِ مسلمہ کے روشن مستقبل کا راستہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کو مزید مضبوط فرمائے، ہمیں قرآن و سنت کی حقیقی خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و استحکام سے نوازے۔