حج 2026، پاکستانی حجاج کی مشاعر مقدسہ منتقلی کیلئے جدید مائیکرو پلان تیار

حج 2026، پاکستانی حجاج کی مشاعر مقدسہ منتقلی کیلئے جدید مائیکرو پلان تیار

مکہ مکرمہ۔22مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن 7 ذوالحجہ کی شام سے تاریخ کے سب سے بڑے اور جدید مشائر حج آپریشن کا آغاز کر رہا ہے، جس کے تحت 1 لاکھ 19 ہزار پاکستانی حجاج کو 1,750 سے زائد جدید بسوں کے ذریعے تین مراحل میں منیٰ منتقل کیا جائے گا۔ فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو8 ذوالحجہ کی رات کو براہِ راست میدانِ عرفات منتقل کیا جائے گا۔ڈپٹی کوآرڈینیٹر آپریشنز مکہ صداقت علی اعوان نے’’ اے پی پی ‘‘کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ امسال 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے والی شدید گرمی سے عازمین کو بچانے کے لیے پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اینیمیٹڈ ویڈیوز اور ایک جدید ’’ناظم سسٹم‘‘ نافذ کیا گیا ہے، جس میں ہر 188 حجاج پر ایک نگران ناظم مقرر ہے جو مناسک کی ادائیگی سے واپسی تک عازمین کی مکمل رہنمائی کرے گا۔

منیٰ منتقلی کے مائیکرو پلان کے حوالے سے ڈپٹی کوآرڈینیٹر آپریشنز صداقت علی اعوان نے واضح کیا کہ 70 فیصد حجاج 7 ذوالحجہ کو بعد از نمازِ مغرب پہلی شفٹ میں روانہ ہوں گے، جبکہ باقی ماندہ حجاج کو رات 11 بجے اور رات 4 بجے کی شفٹوں میں منتقل کیا جائے گا جہاں خیموں میں پاکستانی ذائقے کے مطابق کھانے کی فراہمی مکمل ہے۔ صداقت علی اعوان کا کہنا تھا کہ اگلا بڑا مرحلہ 8 ذوالحجہ کو مغرب کے وقت شروع ہوگا، جہاں تمام حجاج بسوں اور ٹرین نیٹ ورک کے ذریعے میدانِ عرفات پہنچیں گے؛ جہاں 9 ذوالحجہ کو وقوفِ عرفات (رکنِ اعظم) کی ادائیگی کے دوران شدید دھوپ سے بچنے کے لیے حجاج کو خیموں کے اندر رہنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد مغرب کے وقت عازمین مزدلفہ روانہ ہوں گے۔

ڈپٹی کوآرڈینیٹر آپریشنز مکہ صداقت علی اعوان نے اگلے مراحل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 10 ذوالحجہ کی صبح جمرات پر رمی (شیطان کو کنکریاں مارنے) کے لیے “ناظم سسٹم” کا فیلڈ ٹیسٹ ہوگا، جہاں مقررہ ناظمین مسلسل حجاج کے ساتھ رہ کر نظم و ضبط برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمی کے بعد طوافِ زیارت کے لیے حرم شریف تک خصوصی شٹل سروس دستیاب رہے گی، تاہم حجاج کی سہولت کے لیے ایک بہترین آپشن یہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ منیٰ کے خیموں کے بجائے جمرات کے قریب مکہ میں موجود اپنی اصل رہائشی بلڈنگز میں بھی آ کر آرام کر سکتے ہیں، جو اے سی کی سہولت اور پاکستانی سٹاف کے ساتھ 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔