حج مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات، ایثار اور اتحاد کا عملی مظہر ہے، سپیکر قومی اسمبلی کی یوم عرفہ پر حجاج اکرام کو حج کی ادائیگی پر مبارکباد

حج مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات، ایثار اور اتحاد کا عملی مظہر ہے، سپیکر قومی اسمبلی کی یوم عرفہ پر حجاج اکرام کو حج کی ادائیگی پر مبارکباد

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حج اسلام کا ایک اہم رکن ہے جو مسلمانوں کے درمیان اخوت، مساوات، ایثار اور اتحاد کا عملی مظہر ہے، حج کی ادائیگی اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول، روحانی پاکیزگی اور گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عرفہ پر حجاج اکرام کو حج کی ادائیگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یوم عرفہ اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی، توبہ اور بخشش طلب کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، میدان عرفات میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندان اسلام کا اجتماع امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کرتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یوم عرفہ ہمیں صبر، قربانی، ایثار، تقویٰ اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاج کرام کی عبادات، دعائوں اور حج کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور انہیں بخیر و عافیت اپنے اپنے وطنوں کو واپس لوٹائے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمانے اور پوری امت مسلمہ کو اتحاد، استحکام اور بھائی چارے کی نعمت سے مالامال کرنے کی بھی دعا کی۔