’حج اِن ہیلتھ‘ گائیڈ لائنز عازمین کو ہیٹ اسٹروک، وبائی امراض اور فوڈ سیفٹی سے بچاؤ کے لیے طبی رہنمائی فراہم کرے گی

’حج اِن ہیلتھ‘ گائیڈ لائنز عازمین کو ہیٹ اسٹروک، وبائی امراض اور فوڈ سیفٹی سے بچاؤ کے لیے طبی رہنمائی فراہم کرے گی

مکہ مکرمہ۔16مئی (اے پی پی):سعودی وزارتِ صحت نے پاکستان سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے اور ان میں طبی شعور اجاگر کرنے کے لیے اردو سمیت 8 بڑی زبانوں میں ایک جامع ہیلتھ گائیڈ بک جاری کی ہے۔’حج اِن ہیلتھ‘ کے عنوان سے جاری کی جانے والی اس ڈیجیٹل اور پرنٹڈ گائیڈ کا بنیادی مقصد پاکستانی عازمین کو سفرِ حج پر روانگی کی تیاریوں سے لے کر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام اور مناسکِ حج کی ادائیگی کے تمام مراحل کے دوران سائنسی اور طبی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

اس گائیڈ بک میں خاص طور پر مکہ مکرمہ کے شدید موسم اور مشاعرِ مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) میں گرمی کی لہر سے بچنے، ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے، اور رش والے مقامات پر سانس کی ممکنہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک اور دیگر احتیاطی تدابیر کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ مزید برآں، پاکستانی حجاج کو دورانِ سفر پیٹ کی بیماریوں سے بچانے کے لیے فوڈ سیفٹی (خوراک کی تیاری اور صفائی) کے اصولوں سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے تیار کردہ اس کتابچے میں کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ابتدائی طبی امداد کی آسان ہدایات اور فوری ردِعمل کے طریقے بھی شامل کیے گئے ہیں، تاکہ باقاعدہ طبی عملے کے پہنچنے سے پہلے مریض کی حالت کو سنبھالا جا سکے۔پاکستانی عازمینِ حج میں شامل معمر افراد، خواتین اور پہلے سے مختلف بیماریوں (جیسے شوگر، بلڈ پریشر یا عارضہِ قلب) میں مبتلا ہائی رسک زائرین کے لیے اس گائیڈ میں خصوصی ہدایات وضع کی گئی ہیں، تاکہ وہ کسی بھی طبی پیچیدگی کے بغیر اپنے مناسکِ حج آسانی سے مکمل کر سکیں۔

سعودی حکام کے مطابق، یہ گائیڈ لائنز اردو کے علاوہ عربی، انگریزی، فرانسیسی، فارسی، انڈونیشین، ترکی اور ملائی زبانوں میں بھی آن لائن پورٹلز اور موبائل ایپلی کیشنز پر دستیاب کرائی گئی ہیں تاکہ لسانی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔ یہ اسمارٹ ہیلتھ انیشی ایٹو سعودی وژن 2030 کے تحت ’ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام‘ کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ضیافتِ رحمان کے لیے ایک محفوظ، صحت مند اور انفیکشن سے پاک ماحول کو یقینی بنانا ہے۔