حج آپریشن آخری مراحل میں داخل ، مزید 10 پروازوں کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان سے فلائٹ آپریشن مکمل ہو جائے گا

حج آپریشن آخری مراحل میں داخل ، مزید 10 پروازوں کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان سے فلائٹ آپریشن مکمل ہو جائے گا

مکہ مکرمہ ۔21مئی (اے پی پی):پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اب تک ‘روٹ ٹو مکہ’ اور دیگر پروازوں کے ذریعے 1 لاکھ 14 ہزار 78 عازمین (96 فیصد) حجازِ مقدس پہنچ چکے ہیں۔جمعرات کی رات گئے تک مزید 10 پروازوں کے ذریعے باقی ماندہ 4 فیصد (4,756 عازمین) کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان سے مکہ مکرمہ کے لیے فلائٹ آپریشن مکمل ہو جائے گا۔ مدینہ منورہ آنے والے تمام عازمینِ حج کو بھی مکہ مکرمہ منتقل کیا جا چکا ہے اور اس وقت 114078 عازمین مکہ مکرمہ میں ہی موجود ہیں۔ترجمان وزارتِ مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق حجاج کرام کی سہولت کے لیے سعودی عرب میں 1,520 سرکاری ویلفیئر افسران و عملہ اور 947 مقامی خادم چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

عازمین کی نقل و حمل کے لیے مکہ مکرمہ میں 490 بسیں متحرک ہیں۔ پاکستان حج مشن کے مطابق دورانِ قیام اب تک 23,823 عازمین کو حرم شریف کے راستوں کے لیے گائیڈ کیا گیا، جبکہ 42,858 عازمینِ حج مدینہ منورہ میں ریاض الجنہ کی زیارت کا شرف حاصل کر چکے ہیں۔ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق طبی فلاح و بہبود کے تحت مکہ اور مدینہ کے مشن کلینکس میں اب تک 86,924 مریضوں کو او پی ڈی طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔اس کے علاوہ شکایات سیل اور لوسٹ اینڈ فاؤنڈ شعبہ بھی پوری طرح فعال ہے؛ عازمین کی رہائش، کھانے اور ٹرانسپورٹ سے متعلق موصول ہونے والی 2,118 شکایات میں سے 1,629 کو فوری حل کیا گیا، جبکہ گمشدہ سامان اور وہیل چیئرز کی 6,845 شکایات میں سے 6,820 اشیاء مالکان کو لوٹا دی گئیں۔