مکہ مکرمہ۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نےکہا ہے کہ مکتب ناظمین مشائر مقدسہ (منیٰ، عرفات، مزدلفہ، جمرات) میں پاکستانی عازمین کے ساتھ اپنا رویہ اور اندازِ گفتگو بہترین رکھیں تاکہ حجاج کو ہر لمحہ حکومتِ پاکستان، وزارت مذہبی امور اور حج مشن کے ساتھ کھڑے ہونے کا احساس ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ حجاج کرام پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہیں جن کی زبانیں اور کلچر الگ الگ ہیں، اس لیے ناظمین کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ وہ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ(العزیزیہ) میں مکتب ناظمین سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈی جی حج ،پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو ، چیف کوآرڈنیٹر مرزا علی محسود ،کوآرڈنیٹر مکہ ذوالفقار خان، کوآرڈنیٹیر ایف اینڈ سی ناصر عزیز ، ڈپٹی کوآرڈنیٹر صداقت علی اعوان ، ڈائریکٹر مکہ محمد عارف اسلم رائو ، ڈپٹی ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ سمیت پاکستا ن حج مشن کے دیگر حکام بھی موجود تھے ۔
مکتب ناظمین سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق حجاج کی سہولت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور مکہ میں ڈی جی حج مشن سمیت پورا عملہ خود فیلڈ مانیٹرنگ کر رہا ہے۔انتظامی امور کے تحت ہر 188 عازمینِ حج کے ساتھ ایک ناظم ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے، جو پاکستان سے روانگی، مکہ و مدینہ میں رہائش، مناسک اور واپسی تک مسلسل حجاج کے ہمراہ رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے پوری دنیا کے مسلمانوں کی حج کے موقع پر میزبانی کے کے لیے مثالی انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے ناظمین کو یاد دلایا کہ اللہ نے انہیں اس عظیم خدمت کے لیے چنا ہے، لہٰذا وہ 100 فیصد کارکردگی دکھا کر اپنے کیریئر کو کامیاب اور آخرت کو سنواریں؛ بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔ خطاب کے اختتام پر “حجاج کی خدمت؟ ہماری عبادت!” کے سلوگن اور پرجوش نعروں گونج اٹھے۔