جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عید سے قبل برڈ ہیزرڈ مینجمنٹ اور ایوی ایشن سیفٹی مہم کا آغاز

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عید سے قبل برڈ ہیزرڈ مینجمنٹ اور ایوی ایشن سیفٹی مہم کا آغاز

کراچی ۔25مئی (اے پی پی):پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے)نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فضائی سیفٹی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اقدامات کے تسلسل میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر خصوصی برڈ اور وائلڈ لائف ہیزرڈ مینجمنٹ مہم کا آغاز کر دیا ہے جو ملک کے دیگر ائیرپورٹس کی طرح جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد عید کے دنوں میں پرندوں کے ٹکرائو (برڈ سٹرائیک) کے خطرات کو کم کرنا ہے جس کے لیے ائیر فیلڈ اور اس کے اطراف میں صفائی، آگاہی اور حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔

کراچی ائیرپورٹ ٹیم نے عیدالاضحیٰ سے قبل ایئر فیلڈ کے اندر اور اطراف صفائی اور حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں تاکہ آپریشنل ماحول زیادہ محفوظ اور صاف ستھرا رہے۔پیر کوپاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈرائیورز، مقامی کمیونٹی اور قریبی مساجد میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے ہیں جن میں قربانی کے جانوروں کی باقیات کی محفوظ اور مناسب تلفی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ پمفلٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ آلائشوں کا غیر مناسب تصرف پرندوں کی تعداد میں اضافہ کا باعث بنتا ہے جس سے برڈ اسٹرائیک کے خطرات بڑھ سکتے ہیں اور فضائی سیفٹی متاثر ہو سکتی ہے۔ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے ائیرپورٹ کے اطراف موجود گندے اور غیر صحت مند مقامات کی صفائی بھی کی جا رہی ہے تاکہ پرندوں کی آمد کے خدشات کو کم کیا جا سکے اور فضائی ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ قربانی کی آلائشوں کو مقررہ مقامات پر مناسب طریقے سے تلف کریں اور ائیرپورٹ کے اطراف صفائی برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔ مزید برآں، پمفلٹس میں ائیرپورٹ کے اطراف صفائی اور ایوی ایشن سیفٹی کے درمیان تعلق کو واضح طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے صفائی، ایوی ایشن سیفٹی اور ذمہ دارانہ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے۔