اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):جمعیت علمائے جموں و کشمیر نے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ انتخابی اتحاد کا باضابطہ اعلان کر دیا۔مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں جمعیت علمائے جموں و کشمیر نے (ن )لیگی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح اجلاس میں اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا۔اس موقع پر وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔صدر مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور امیر جمعیت علمائے جموں و کشمیر مولانا امتیاز احمد صدیقی تقریب میں شریک ہوئے۔
مولانا امتیاز احمد صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ انتخابی اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا۔جمعیت علمائے جموں و کشمیر نے پی ٹی آئی کے ساتھ سابقہ انتخابی اتحاد ختم کرنے کی تصدیق کر دی۔مولانا امتیاز صدیقی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کریں گے۔وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے جمعیت علمائے جموں و کشمیر کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔سیاسی حلقوں کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور جمعیت کا اتحاد آئندہ انتخابات میں اہم پیشرفت ثابت ہو سکتا ہے۔