جاز ورلڈ کا سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں مضبوط مالی نتائج کا اعلان، آمدن 130 ارب روپے سے زائد، ڈیجیٹل ایکوسسٹم میں تیز رفتار توسیع

جاز ورلڈ کا سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں مضبوط مالی نتائج کا اعلان، آمدن 130 ارب روپے سے زائد، ڈیجیٹل ایکوسسٹم میں تیز رفتار توسیع

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):جاز ورلڈ نے سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں مضبوط مالی نتائج کا اعلان کیا ہے جہاں کمپنی کی مجموعی آمدن میں سال بہ سال نمایاں 20.6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 130 ارب روپے سے زائد ہے، یہ اضافہ کنیکٹیویٹی، ڈیجیٹل مالی خدمات، تفریح اور ڈیجیٹل طرز زندگی کے پلیٹ فارمز میں مسلسل ترقی کی بدولت ممکن ہوا۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق ٹیلی کام اور انفراسٹرکچر سے حاصل ہونے والی آمدن 14.3 فیصد اضافے کے ساتھ 82 ارب روپے تک پہنچ گئی جس میں ملٹی پلے بنڈلز کی بڑھتی مقبولیت، پری پیڈ صارفین سے آمدن اور ڈیٹا کے بڑھتے استعمال نے اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب ڈیجیٹل آمدن میں 33 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 48 ارب روپے تک پہنچ گئی جو مجموعی آمدن کا تقریباً 37 فیصد بنتا ہے جبکہ 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں یہ شرح 33.4 فیصد تھی۔ یہ رجحان جاز ورلڈ کے وسیع ہوتے ہوئے ڈیجیٹل ایکوسسٹم کی تیزی سے اپنائی جانے والی خدمات کی عکاسی کرتا ہے۔ک

مپنی کا ای بی آئی ٹی ڈی اے مارجن 3.1 فیصد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 45 فیصد ہو گیا جبکہ ای بی آئی ٹی ڈی اے میں 29.4فیصد اضافہ ہو کر یہ 58.5 ارب روپے تک پہنچ گیا جس کی بنیادی وجہ موثر لاگت کنٹرول اور آپریشنل کارکردگی رہی۔ اس سہ ماہی کے دوران کمپنی نے 8.8 ارب روپے (تقریباً 31 ملین امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی جس کا مقصد نیٹ ورک کی صلاحیت بڑھانا، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی صف اول کی مربوط ڈیجیٹل سروس کمپنی بننے کے سفر کو تیز کرنا تھا۔ اس سرمایہ کاری سے نیٹ ورک میں جدت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی توسیع اور صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی تجربات کو فروغ دیا گیا۔جاز کے صارفین کی تعداد تقریباً 7 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ فور جی صارفین میں 7.2 فیصد اضافہ ہو کر یہ تعداد 5 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اس کے ساتھ فور جی رسائی 76.3 فیصد تک جا پہنچی۔

ملٹی پلے صارفین کی تعداد 4.8 فیصد اضافے کے ساتھ 2 کروڑ 38 لاکھ ہو گئی۔ یہ صارفین صرف وائس سروس استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں تقریباً 3.5 گنا زیادہ اوسط آمدن (اے آر پی یو) فراہم کر رہے ہیں۔ مجموعی اے آر پی یو میں 19.4 فیصد اضافہ ہو کر یہ 496 روپے ہو گیا جبکہ فی صارف ڈیٹا استعمال 12.7 فیصد بڑھ کر 8.2 جی بی تک پہنچ گیا۔جاز ورلڈ کے ڈیجیٹل ایکوسسٹم نے بھی نمایاں ترقی کی جہاں اس کے مختلف پلیٹ فارمز کے مجموعی صارفین کی تعداد 14 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ جاز کیش کے ماہانہ فعال صارفین 2 کروڑ 92 لاکھ تک پہنچ گئے جبکہ رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 6 کروڑ سے بڑھ گئی۔ مارچ 2026ء تک گزشتہ بارہ ماہ کی مجموعی ٹرانزیکشن ویلیو (جی ٹی وی) میں 56 فیصد اضافہ ہو کر یہ 16.8 کھرب روپے تک پہنچ گئی۔

پلیٹ فارم روزانہ 2 لاکھ 2 ہزار سے زائد ڈیجیٹل قرضوں کی پروسیسنگ کر رہا ہے اور رواں سال اس نے ایک ملین (دس لاکھ) راست کیو آر مرچنٹس کا ہدف بھی حاصل کیا جس سے ملک میں مالی شمولیت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مزید فروغ ملا۔مالیاتی خدمات سے حاصل ہونے والی آمدن میں سال بہ سال 44.1 فیصد اضافہ ہوا جس میں جاز کیش کے ذریعے ادائیگیوں، قرضہ جات، مرچنٹ سلوشنز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے خدمات میں توسیع شامل ہے جبکہ موبی لنک مائیکرو فنانس بینک میں بڑھتی ڈیجیٹل سرگرمی اور قرضوں کی فراہمی نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا۔ تفریحی پلیٹ فارم تماشانے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران 3 کروڑ 35 لاکھ ماہانہ فعال صارفین کی ریکارڈ تعداد حاصل کی جو کسی بھی مقامی سٹریمنگ پلیٹ فارم کے لیے سب سے زیادہ ہے جبکہ اس نے ٹورنامنٹ کی ڈیجیٹل ناظرین میں تقریباً 70 فیصد حصہ حاصل کیا۔

سم اوسا جو جاز ورلڈ کا ڈیجیٹل سیلف کیئر اور لائف سٹائل پلیٹ فارم ہے، 3 کروڑ 40 لاکھ صارفین تک پہنچ گیا اور سہ ماہی بنیادوں پر 15.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔ راکس کے صارفین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ فکر فری کی فعال انشورنس پالیسیز کی تعداد 1 کروڑ 78 لاکھ ہو گئیں جو ڈیجیٹل انشورنس خدمات کے بڑھتے رجحان کو ظاہر کرتی ہیں۔جاز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں جاز ورلڈ کی نمایاں کارکردگی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی بڑھتی رفتار اور وسعت کی عکاس ہے۔ جیسے جیسے لاکھوں پاکستانی مالیاتی، تفریحی اور روزمرہ ڈیجیٹل خدمات کو اپنا رہے ہیں، ہماری توجہ ایسے انفراسٹرکچر اور پلیٹ فارمز کی تشکیل پر ہے جو ڈیجیٹل رسائی کو زیادہ بامعنی، جامع اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنائیں۔ اسی وژن کے تحت ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے ’بیٹر لائف فارآل ‘ کے اپنے مقصد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

مارچ 2026 میں جاز ورلڈ نے پاکستان کی سپیکٹرم نیلامی میں سب سے بڑا حصہ حاصل کیا اور تمام نئے بینڈز میں مجموعی طور پر 190 میگا ہرٹز سپیکٹرم حاصل کیا جس میں 700 میگا ہرٹز کا ’’گولڈن بینڈ‘‘ بھی شامل ہے تاکہ دیہی علاقوں میں کوریج بہتر بنائی جا سکے اور مستقبل کی فور جی اور فائیو جی سروسز کے لیے صلاحیت بڑھائی جا سکے۔ اس حصول کی مالیت 239.5 ملین امریکی ڈالر رہی۔ جاز پہلے ہی ملک کے آٹھ بڑے شہروں میں تقریباً 180 مقامات پر فائیو جی سروسز شروع کر چکا ہے جبکہ نیٹ ورک اور ڈیوائسز کی دستیابی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اس سے قبل جنوری 2026ء میں جاز ورلڈ نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے ساتھ 75 ارب روپے کا پاکستان کا سب سے بڑا شرح سود تبادلہ بھی مکمل کیا جس سے مالی استحکام میں اضافہ اور شرح سود میں اتار چڑھائو کے خطرات میں کمی آئی۔ اپنے قیام سے اب تک جاز ورلڈ پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر 11 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور حال ہی میں اگلے تین برسوں میں مزید 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد نیٹ ورک میں جدت لانا، صلاحیت میں اضافہ اور مرحلہ وار فائیو جی کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔