اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات نےانتباہ جاری کیا ہے کہ جمعرات شام/رات سے 18 اپریل کےدوران تیز بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اورگلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا امکان ہے،ژالہ باری اور تیز ہواؤں،آندھی کے باعث بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کھڑی تیار فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے،اس دوران تیز ہواؤں،آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور ڈھانچوں (بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد،کشمیر ، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے سا تھ چند مقاما ت پربارش،بعض مقامات پرموسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔جمعہ کو خیبر پختونخوا،بالائی/ وسطی پنجاب، اسلام آباد،کشمیر ، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے سا تھ چند مقاما ت پربارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر درمیانی سے تیز بارش کا بھی امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں گرم رہاتاہم کشمیر، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش کشمیر میں گڑھی دوپٹہ 03، مظفر آباد (ایئرپورٹ، سٹی 02)، خیبر پختونخوا میں پاراچنار 03، کالام 02، پنجاب میں راولپنڈی (کچہری 02)،مری میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جمعرات کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بہاولنگر، شہید بینظیر آباد 44، روہڑی، دادو، سکرنڈ اور موہنجو داڑو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔