کلرسیداں، 24 مئی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں سیدہ زینب حسین شاہ کی خصوصی ہدایات پر تحصیل بھر میں قبضہ مافیہ، ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے ایک مزید گاڑی اور چار موٹر سائیکلوں پر مشتمل پیرا فورس کو متحرک کیا جا رہا ہے جبکہ دو گاڑیوں پر مشتمل خصوصی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں اچانک کارروائیاں کرے گی۔اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں سیدہ زینب حسین نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات قائم کرنے، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بھاری جرمانے، مقدمات کے اندراج اور گرفتاریاں بھی کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔