بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کےلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کےلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام کے ایک وفد نے یونیورسٹی قیادت سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات حال ہی میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز (مردانہ کیمپس) کی جانب سے سٹیٹ بینک پاکستان کے تعاون سے منعقدہ ینگ اسلامک بینکنگ پروفیشنلز (وائی آئی بی پی) اور اے اے ایف-آئی بی پی پروگرامز کے تناظر میں ہوئی۔ وفد میں گروپ ہیڈ اسلامک بینکنگ نارتھ طارق علی خان، ہیڈ آف ٹرانزیکشن بینکنگ اینڈ کیش مینجمنٹ عمر جاوید، جنرل منیجر اسلام آباد طاہر منیر، ڈسٹرکٹ منیجر محمد صلاح الدین، یونٹ ہیڈ ٹرانزیکشن بینکنگ ارسلان، سینئر ریلیشن شپ منیجر حبیبہ اور ڈسٹرکٹ آپریشنز منیجر سید فواد علی شامل تھے۔

یونیورسٹی کی جانب سے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد، مشیر صدر صالح سلیمان الغفیلی، نائب صدر انتظامیہ و خزانہ و ڈائریکٹر فنانس ایاز علی اور پروگرام کے منتظم ڈاکٹر ایچ غفران نے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے نمائندوں نے طلبہ کی سہولت اور ادارہ جاتی معاونت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں جدید اور موثر ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر توجہ دی گئی جس کے ذریعے طلبہ کو بینکاری اور انتظامی خدمات ایک مربوط ’’ون ٹچ ڈیش بورڈ‘‘ کے تحت آسان انداز میں فراہم کی جا سکیں گی۔ فریقین نے طلبہ کے لیے جدید، موثر اور صارف دوست سہولت کاری نظام کی تشکیل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا اور باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یونیورسٹی برادری کے لیے خدمات کو مزید آسان اور موثر بنایا جا سکتا ہے۔