بیساکھی کا تہوار محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزاری کا پیغام دیتا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی کے موقع پر پیغام

بیساکھی کا تہوار محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزاری کا پیغام دیتا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب کے روایتی، ثقافتی اور سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری اور اس دن کو منانے والوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزاری کا پیغام دیتا ہے۔ کل(منگل کو) بیساکھی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ روایتی اورثقافتی سطح پر کسان کی سخت محنت کے بعد فصل کے بار آور ہونے اور کٹائی کے لئے تیار ہونے کی خوشی میں پنجاب بھر میں سکھ برادری بیساکھی کے میلوں کا اہتمام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تہوار انسانیت کے مثبت پہلو اور محنت کے صبر آزما مراحل کے بعد ثمرات پردلی مسرت کا اظہار ہے، یہ محنت کا پھل ملنے پر عاجزی کے ساتھ شکر گزار ہونے کا پیغام دیتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان کے گردوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) اور جنم استھان (ننکانہ صاحب) میں بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کے لیے آتے ہیں۔

حکومت آنے والے تمام سکھ و ہندو یاتریوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے ، تہوار کے دنوں میں مذہبی مقامات پر سکھ یاتریوں کی ہرممکن سہولت کے لئے اقدامات کیے جاتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مثبت اور کثیر الجہتی ثقافتی رنگ ہی معاشرتی تنوع اور زندہ دل معاشرہ کی بنیاد ہیں، اجتماعی ثمرات کو خوش دلی سے منانا ہی سماجی اتحاد کو مضبوط کرنے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے مذہبی تہواروں کو احترام کی نگاہ سے دیکھنا بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و مذہب تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے ضامن ہیں، اقلیتی برادریوں کے بنیادی انسانی، مذہبی اور شہری حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے آج خوشی کے دن عالمی امن و استحکام اور فلاح انسانیت کے لیے بھی خصوصی دعا کریں، آپ سب کو بیساکھی کی خوشیاں مبارک ہوں۔