اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے بیساکھی کے پر مسرت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں رہنے والے اپنے ہندو اور سکھ خاندانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیساکھی کا تہوار ایک خاص اہمیت کا حامل ہے، یہ زمین کی فیاضی اور ان رشتوں کا جشن ہے جو خاندانوں اور برادریوں کو آپس میں جوڑے رکھتے ہیں، یہ اس فصل پر شکر ادا کرنے کا وقت ہے جو زندگی کو سہارا دیتی ہے اور اس محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ہے جو اسے ممکن بناتی ہے۔
پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق بیساکھی کے موقع پر خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں خاص طور پر ہمارے دیہی علاقوں کی خواتین کے بارے میں سوچتی ہوں، وہ مائیں، بیٹیاں اور بہنیں جو بے شمار ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں، طویل اور کٹھن موسم میں وہ کھیتوں اور گھروں کے درمیان مسلسل مصروف رہتی ہیں اور دونوں کو بغیر کسی وقفے کے سنبھالتی ہیں، ان کی طاقت اور ذمہ داری غیر معمولی ہوتی ہے جس کا اکثر ذکر نہیں کیا جاتا ، جب راستے طویل ہوں، وسائل محدود ہوں اور دن بے حد مشقت طلب ہوں، تب بھی وہ محبت اور وقار کے ساتھ اپنے خاندانوں کو جوڑے رکھنے کا ہنر جانتی ہیں، یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جو پہچان اور ستائش کی مستحق ہے۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ خاندان ہر فصل کا مرکز ہوتے ہیں اور ہر گھر کی مضبوطی ہی دراصل کسی بھی معاشرے کی روح کی عکاس ہوتی ہے، جب خاندان کئی ہفتوں کی محنت کے بعد اس موسم کو اکٹھے منا پاتے ہیں تو یہ واقعی ایک قابل قدر نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہندو اور سکھ بھائیوں اور بہنوں کے لیے بھی دلی احترام اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتی ہوں جو اس دن عبادت اور خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں، آپ کی روایات، آپ کی عقیدت اور آپ کا اجتماعی جذبہ ہمارے ملک کی خوبصورت اور متنوع شناخت کا ایک قیمتی حصہ ہیں۔خاتون اول نے کہا کہ میری دعا ہے کہ بیساکھی آپ کے لیے سکون، خوشی اور اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزارنے کا باعث بنے، جب محنت کا موسم خوشیوں میں بدلتا ہے تو میں امید کرتی ہوں کہ آپ کے گھر ہنسی، برکتوں اور باہمی گرمجوشی سے بھر جائیں۔