اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خوشیوں اور مسرتوں سے بھرپور تہوار بیساکھی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم ہندو اور سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیساکھی ایک اہم مذہبی اور ثقافتی سنگ میل ہے جو ربیع کی فصل کی کٹائی کے آغاز کی علامت ہے، یہ موسم کسانوں کے لیے بے حد خوشی کا باعث ہے کیونکہ وہ اپنی محنت کا پھل حاصل کرتے ہیں۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق بیساکھی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ موقع شکرگزاری، غور و فکر اور ایمان، اتحاد اور انسانیت کی خدمت جیسی پائیدار اقدار کی تجدید کا بھی پیغام دیتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں بیساکھی کو ہمسایوں اور مقامی برادریوں کی جانب سے بھی احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے جو باہمی احترام پر مبنی مشترکہ سماجی فضا کا عکاس ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بابائے قوم نے ایک ایسے ملک کا تصور پیش کیا تھا جو تمام شہریوں کے لیے بغیر کسی مذہبی یا نسلی امتیاز کے، مساوات، آزادی اور تحفظ کے اصولوں پر قائم ہو، یہ اصول آئین پاکستان میں باقاعدہ طور پر شامل ہیں جو تمام برادریوں کو مساوی حقوق اور تحفظ کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہندو اور سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اہم مذہبی مواقع پر ملک بھر میں گردواروں کی دیکھ بھال اور سکیورٹی کو بھی یقینی بناتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں ملک بھر کی تمام برادریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی عقیدے، ذات یا مسلک سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق، سلامتی اور وقار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور ان کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی، ان کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ میں پاکستان اور دنیا بھر میں امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لیے دعاگو ہوں، میں امید کرتا ہوں کہ یہ دن سب کے لیے خصوصاً ہماری ہندو اور سکھ برادری کے لیے خوشیوں کا باعث بنے ۔