اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بیرون ملک سے چلائی جانے والی بدنیتی پر مبنی منفی مہم کا مقصد غلط معلومات اور کنفیوژن پیدا کرنا ہے، خطے میں پائیدار امن کے لئے پاکستان کے کردار کو مجروح کرنے کی غیر پیشہ ورانہ کارستانی امن سے بیزار عناصر کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے پاکستان کے خلاف مربوط منفی مہم چلائی جا رہی ہے، مخصوص مقاصد کے لئے بدنیتی پر مبنی یہ مہم بیرون ملک سے چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد نامعلوم ذرائع اور حکام کے حوالے سے جان بوجھ کر مس انفارمیشن کو ہوا دینا اور کنفیوژن پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے پاکستان کے کردار کو مجروح کرنے کی یہ غیر پیشہ ورانہ کوشش ان عناصر کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہے جو امن سے بیزار ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معتبر مقامی میڈیا ذرائع سمیت متعدد فیکٹ چیک فورمز کی جانب سے حقائق اور تصدیق کے ذریعے اس پروپیگنڈے کو پہلے ہی مسترد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بخوبی سمجھتے ہیں کہ ایسی خبروں کے پیچھے بعض عناصر بالخصوص امن کے مخالفین سرگرم ہیں جو خطے میں امن کے لئے پاکستان کے کردار، بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلسل اور کامیاب جنگ کو تسلیم کرنے سے قاصر ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ، تنازعات کا حل اور امن کا قیام شاید ان لوگوں کو پسند نہیں جو اس مذموم مہم کے پیچھے کار فرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کا ذمہ دار میڈیا اس مذموم مہم کے پس پردہ عناصر کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مذموم مہم کو بے نقاب کرنے کے لئے پاکستانی میڈیا اور انفلوئنسرز کی کوششیں اور کردار قابل تحسین ہیں۔