بھارتی آرمی چیف کا بیان قابل مذمت، مودی کی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے، مشعال حسین ملک

بھارتی آرمی چیف کا بیان قابل مذمت، مودی کی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے، مشعال حسین ملک

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن، خواتین کو با اختیار بنانے اور انسانی حقوق بارے وزیر اعظم کی سابق معاون خصوصی اور جیل میں بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مودی حکومت کی مایوسی اور سیاسی جذبات کی عکاسی قرار دیا ۔اتوار کو اپنے بیان میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں، لچک، بہادری اور فتوحات سے جڑی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا پاکستان کے عوام کی طاقت اور اتحاد کے عزم کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو پڑوسی ممالک کے خلاف اشتعال انگیز بیان بازی کا سہارا لینے کے بجائے اپنے وسیع داخلی بحرانوں، بڑھتی ہوئی بدامنی اور تقسیم پر توجہ دینی چاہیے۔حالیہ علاقائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئےمشعال حسین ملک نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا جس سے بھارت کا جارحانہ انداز اور تسلط کے غلط مفروضوں کو بے نقاب کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کی دھمکیاں انتہائی غیر ذمہ دارانہ، خطرناک اور ناقص فیصلے کی عکاس ہیں، اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات کا مقصد بین الاقوامی توجہ کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری صورتحال سے ہٹانا ہے۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ کئی دہائیوں کے جبر کے باوجود کشمیری عوام کے جذبے اور آزادی کی خواہش کو کچلا نہیں جا سکا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ کوئی بھی فوجی طاقت لوگوں کے وقار، انصاف اور امن کے عزم کو دبا نہیں سکتی۔انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی نفرت، عسکریت پسندی اور جارحانہ قوم پرستی کی سیاست جنوبی ایشیا کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی اور علاقائی امن کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور طرز عمل کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مشعال حسین ملک نے خطے میں کشیدگی سے بچنے اور امن کے تحفظ کے لیے بامعنی سفارتی کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام امن، انصاف اور علاقائی استحکام کے اجتماعی حصول میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔