بنیان مرصوص کا جذبہ پاکستان کے اتحاد، طاقت اورمسلح افواج سے غیر متزلزل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے، سید علی ناصر رضوی

بنیان مرصوص کا جذبہ پاکستان کے اتحاد، طاقت اورمسلح افواج سے غیر متزلزل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے، سید علی ناصر رضوی

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ’’بنیان المرصوص‘‘کا جذبہ پاکستان کے اتحاد، طاقت اور ملک و مسلح افواج سے غیر متزلزل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔اتوار کوڈی چوک میں “معرکۂ حق بنیان المرصوص” کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم بنیان المرصوص ہیں، ہماری زندگی اورموت پاکستان اور اتحاد کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکۂ حق کےدوران غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔آئی جی نے کہا کہ بنیان المرصوص محض ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ اور طرزِ زندگی ہےجو قربانی، نظم و ضبط اور حب الوطنی کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک مضبوط دیوار کی مانند متحد کھڑی ہے اور اگر دشمن نے ملک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو قوم پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ سامنے آئے گی۔انہوں نےکہا کہ مسلح افواج نے دنیا کو پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے پر مجبور کر دیا اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔آئی جی سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ پاکستان اب ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن کر ابھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ،پاکستان ائیر فورس اور تمام سکیورٹی ادارے بنیان المرصوص کی عملی تصویر ہیں۔فوجی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔آئی جی نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران قوم نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ مثالی تھا اور قومی یکجہتی کی حقیقی روح کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور قربانی و حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کو ملک کی تاریخ میں ہمیشہ عید کی طرح یاد رکھا جائے گا۔آئی جی نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا میں تیزی سے ایک مرکزی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر نوجوان، ہر بیٹی، ہر طالب علم اور ہر پولیس افسر بنیان المرصوص ہے۔

دشمن عناصر کو سخت پیغام دیتے ہوئے آئی جی نے خبردار کیا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے اپنی حدود میں رہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے 11 ہزار سے زائد اہلکار اور وفاقی دارالحکومت کے 44 لاکھ شہری پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم متحد، تیار اور پاکستان پر فخر کرنے والی قوم ہیں۔