نمایندہ نوائے وقت
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی اپیل پر معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے حوالے سے ملک بھر میں یومِ تشکر منایا گیا۔ یومِ تشکر منانے کا فیصلہ قومی علماء و مشائخ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا تھا، جس کے تحت ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام اور مشائخ عظام نے خطباتِ جمعہ میں افواجِ پاکستان کے جری اور بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سپہ سالار سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی افواج نے جذبۂ ایمانی کی قوت سے اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کو شکست دے کر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار خود حافظِ قرآن ہیں اور آپریشن بنیان المرصوص کا نام بھی قرآنِ مجید کی آیت سے لیا گیا، جبکہ دشمن کے “آپریشن سیندور” کو عبرت کا نشان بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص نمازِ فجر کے وقت شروع کیا گیا، جو اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی فوج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کے جذبے سے سرشار فوج ہے۔
قومی علماء و مشائخ کونسل کے اراکین مولانا قاری حنیف جالندھری، علامہ عارف واحدی، مولانا علی محمد ابو تراب، مفتی ضمیر ساجد، ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی، مفتی عبدالسلام، مولانا خطیب مصطفائی، مولانا ابوبکر حنیف، مفتی فیروز الدین ہزاروی، مولانا ابوبکر صابری، پروفیسر سجاد قمر اور کوآرڈینیٹر قاری محبوب الرحمن سمیت دیگر علماء کرام نے اپنے اپنے خطباتِ جمعہ میں افواجِ پاکستان کی جرات، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
علماء کرام نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا پر واضح کر دیا کہ جذبۂ ایمانی سے سرشار قوم کو شکست دینا ممکن نہیں۔