بنگلہ دیش کے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے 13 رکنی تعلیمی وفد کا ایچ ای سی پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

بنگلہ دیش کے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے 13 رکنی تعلیمی وفد کا ایچ ای سی پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):بنگلہ دیش کے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مامون احمد کی قیادت میں 13 رکنی تعلیمی وفد نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری علمی و تعلیمی روابط کے سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد کا دورہ کیا۔

ایچ ای سی سیکرٹریٹ آمد پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بنگلہ دیشی وفد کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر وفد کو ایچ ای سی پاکستان کے مینڈیٹ، کارکردگی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اسٹریٹجک اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایچ ای سی کے مختلف شعبوں کے سینئر افسران نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے مختلف پہلوؤں پر پریزنٹیشنز پیش کیں۔

کوآرڈینیشن ڈویژن نے ایچ ای سی کے تنظیمی ڈھانچے اور اسٹریٹجک امور سے آگاہ کیا جبکہ اکیڈمکس اینڈ ایکریڈیٹیشن ڈویژن نے اعلیٰ تعلیم کے منظرنامے، جامعات تک رسائی، نئے کیمپسز کے قیام اور حالیہ پالیسی اصلاحات پر بریفنگ دی۔کوالٹی ایشورنس ڈویژن نے پاکستان کے کوالٹی ایشورنس فریم ورک اور ایکریڈیٹیشن نظام پر روشنی ڈالی جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن نے اعلیٰ تعلیم میں ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن سے متعلق اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔

دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان ایک انٹر ایکٹو سیشن بھی منعقد ہوا جس میں اعلیٰ تعلیم کی گورننس، معیار میں بہتری، تحقیقی تعاون، ڈیجیٹل تبدیلی اور پاکستان و بنگلہ دیش کی جامعات کے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔

بعد ازاں بنگلہ دیشی وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انہیں جامعہ کی اہم تدریسی اور اختراعی سہولیات بشمول سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلیٹی (سی آئی پی ایس) اور نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) کا دورہ کیا ۔نسٹ حکام نے وفد کو تحقیق، جدت، انٹرپرینیورشپ، صنعت و جامعہ تعاون اور تکنیکی ترقی کے شعبوں میں یونیورسٹی کے کردار سے آگاہ کیا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور طلبہ کے تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔بنگلہ دیشی وفد کے اس دورے کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی سفارت کاری، فیکلٹی تعاون، طلبہ تبادلہ پروگرامز اور باہمی علمی روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔