راولپنڈی۔ 17 مئی (اے پی پی):بنگلہ دیشی سینئر سرکاری افسران پر مشتمل وفد نے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) مری و پتریاٹہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پنجاب میں سیاحت کے فروغ، جدید سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا تھا۔معزز اراکین وفد کو پتریاٹہ ریزورٹ تک ٹی ڈی سی پی کی اوپن ڈیکر سیاحتی بس میں خصوصی سیر کروائی گئی۔
وفد کے ہمراہ ایک پروفیشنل ٹورسٹ گائیڈ بھی موجود تھا جس نے راستے بھر مری کے قدرتی حسن، سیاحتی مقامات اور خطے میں موجود سیاحت کے مواقع سے متعلق بریفنگ دی۔پتریاٹہ پہنچنے پر وفد کا پرتپاک استقبال ٹی ڈی سی پی کے جنرل منیجر آپریشنزاور ڈپٹی جنرل منیجر نارتھ نے کیا جبکہ مہمانوں کو گلدستے پیش کئے گئے۔
وفد کے اراکین پتریاٹہ کی مشہور چیئرلفٹ رائیڈ سے بھی لطف اندوز ہوئے اور وہاں موجود سیاحتی سہولیات اور قدرتی مناظر کو بے حد سراہا۔ واپسی پر مہمانوں کو گالف کارٹس کے ذریعےٹی ڈی سی پی پتریاٹہ ہٹس تک لے جایا گیا جہاں انہوں نے رہائشی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وفد کو مری اور گردونواح میں سیاحت کے شعبے میں ہونے والی جدید تبدیلیوں، ترقیاتی اقدامات اور آنے والے اہم منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
محکمہ سیاحت کے افسران نے پنجاب حکومت کے وژن کے تحت سیاحت کے فروغ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید سیاحتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔دورے کے اختتام پر معزز مہمانوں کو سیکرٹری سیاحت و ایم ڈی، ٹی ڈی سی پی، حکومت پنجاب کی جانب سے یادگاری سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔بنگلہ دیشی وفد نے حکومتِ پنجاب اور محکمہ سیاحت کی جانب سے نئے سیاحتی مقامات کی ترقی، جدید سہولیات کی فراہمی اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔