بنگلہ دیشی سول افسران کے وفد کا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کا دورہ

بنگلہ دیشی سول افسران کے وفد کا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد کا دورہ

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):حکومتِ بنگلہ دیش کے سول افسران پر مشتمل 12 رکنی وفد نے اپنے غیر ملکی مطالعاتی دورے کے سلسلے میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد عوامی انتظامیہ، سول سروس تربیت اور پیشہ وارانہ تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔وفد کی قیادت ہیلتھ سروسز ڈویژن کی ایڈیشنل سیکرٹری سلمیٰ صدیقہ مہتاب نے کی۔

اس موقع پر پاکستان کے ممتاز سول سروس تربیتی اداروں کے اعلیٰ حکام اور فیکلٹی اراکین بھی موجود تھے جن میں ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی و ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی فرحان عزیز خواجہ، ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد عاصم اقبال، ڈائریکٹر جنرل نیپا پشاور و ڈائریکٹر جنرل پاکستان اکیڈمی فار رورل ڈویلپمنٹ اور پاکستان پراونشل سروسز اکیڈمی کیپٹن (ر) عثمان گل، ڈائریکٹر جنرل نیپا کوئٹہ ڈاکٹر سید علی رضا شاہ، ڈائریکٹر سی ٹی پی سول سروسز اکیڈمی سید شبیر اکبر زیدی، سول سروسز اکیڈمی لاہور اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے افسران سمیت نیپا اسلام آباد کے فیکلٹی ممبران شامل تھے۔

 

دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیپا اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل نیپا پشاور نے اپنے اداروں کے اغراض و مقاصد، جدید تربیتی نظام، کورس ماڈیولز، مطالعاتی پروگرامز اور استعدادِ کار بڑھانے کے مختلف اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔ وفد کو پاکستان میں سول سروس تربیت کے جدید طریقۂ کار اور انتظامی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سپیشل پلاننگ اعجاز شیخ نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی۔ انہوں نے اسلام آباد کی تاریخی ترقی، شہری منصوبہ بندی، زوننگ ریگولیشنز، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور مستقبل کی توسیعی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔تقریب کے دوران دونوں ممالک کے مابین گورننس، انتظامی اصلاحات، پبلک سیکٹر مینجمنٹ، اربن پلاننگ اور پیشہ وارانہ تربیتی نظام سے متعلق تجربات اور خیالات کا تبادلہ بھی کیا گیا جس سے باہمی سیکھنے اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ ملا۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔ وفد کی سربراہ سلمیٰ صدیقہ مہتاب نے پاکستان بالخصوص اسلام آباد میں دی جانے والی پرتپاک مہمان نوازی اور شاندار استقبال کو سراہتے ہوئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی و تبادلہ پروگرامز دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، پیشہ وارانہ تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی نے اپنے اختتامی کلمات میں بنگلہ دیشی وفد کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے سول سروس تربیتی اداروں کے درمیان علمی روابط، تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور عوامی انتظامیہ کے شعبے میں مشترکہ سیکھنے اور تعمیری تعاون کے عزم کا مظہر ثابت ہوا۔