بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، سیاسی و انتظامی صورت حال پر تبادلہ خیال

بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، سیاسی و انتظامی صورت حال پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 21 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔

دفتر پریس سیکرٹری برائے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا کی سیاسی و انتظامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں گندم کی فراہمی میں مشکلات کے سبب عوام مشکلات کا شکار ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر خیبر پختونخوا کے عوام کا گیس کی فراہمی کا مسئلہ حل کردیا ہے، گیس کی فراہمی میں تسلسل سے اب خیبر پختونخوا میں سی این جی اسٹیشن کی بندش ختم ہوچکی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گندم کی فراہمی کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور صوبے میں گندم کی فراہمی کا مسئلہ حل کرکے مجھے فوری مطلع کریں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حقوق کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔