برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیدار بین وارنگٹن کا تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ، مولانا عبد الخبیر آزاد سے ملاقات کی

برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیدار بین وارنگٹن کا تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ، مولانا عبد الخبیر آزاد سے ملاقات کی

لاہور۔17اپریل (اے پی پی):پاکستان کے مذہبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔یہ بات برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کے سربراہ بین وارنگٹن نے تاریخی بادشاہی مسجد کے دورے کے موقع پر کہی۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی سطح پر باہمی افہام و تفہیم،احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بادشاہی مسجد جیسے تاریخی مقامات تاریخ، ایمان اور انسانیت کے درمیان زندہ پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور عالمی تہذیبوں کی مشترکہ اقدار کی نمائندگی کرتے ہیں۔دورے کے دوران بین وارنگٹن نے بادشاہی مسجد کے خطیب و امام مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد سے ملاقات کی۔انہوں نے مسجد کے اندر قائم جدید تبرکاتِ مقدسہ کی گیلری کا بھی دورہ کیا اور اس کے تاریخی ورثے، بہترین تحفظ اور خوبصورت پیشکش کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ گیلری تعلیم اور تحفظ کا ایک بہترین امتزاج ہے جو زائرین کے لیے تاریخ کو زندہ اور موثر انداز میں پیش کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات مختلف اقوام اور مذاہب کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی احترام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے معزز مہمان کو بادشاہی مسجد کی شاندار تاریخ سے آگاہ کیا اور اسے مغلیہ فنِ تعمیر کا شاہکار اور اسلامی تہذیب کی عظیم علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسجد عبادت، تعلیم اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز ہے اور اس کے روحانی و تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات جاری ہیں۔دونوں فریقین نے عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔